بہار: مظفر پور کی نوڈل بنانے کی فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے حادثہ، 6 افراد ہلاک، 5 زخمی

بہار کے مظفر پور میں بیلہ انڈسٹریل ایریا کے فیز ٹو میں نوڈل بنانے کی فیکٹری میں بوائلر پھٹ گیا، اس حادثے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @Viphemantkumar
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @Viphemantkumar
user

یو این آئی

مظفر پور: بہار کے مظفر پور میں اس وقت ایک بڑا حادثہ پیش آیا جب یہاں کے ’بیلہ انڈسٹریل ایریا‘ کے فیز ٹو میں نوڈل بنانے کی فیکٹری میں بوائلر پھٹ گیا۔ حادثے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ کئی فیکٹریوں کی چھتیں اڑ گئیں۔ دھماکے کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ جمع ہوگئے اور آناً فاناً میں پولیس کو بھی واقعہ کی اطلاع دی گئی۔ اطلاع موصول ہونے پر پولیس اہلکارں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی۔ دھماکے کے بعد موقع پر خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔ حادثے کے بعد کچھ لوگوں کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم ریسکیو ٹیم نے امدادی کام شروع کر دیا ہے۔


خیال رہے کہ فیکٹری میں صبح 9 بج کر 45 منٹ پر دھماکہ ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایم، ایس ایس پی، ایس ڈی آر ایف اور فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ سبھی فی الحال بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں۔ دھماکے کے بعد فیکٹری منہدم ہو گئی اور اس کی وجہ سے موقع پر بہت زیادہ مقدار میں ملبہ جمع ہو گیا۔ اس کے نیچے دبے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے جے سی بی کو لگایا جا رہا ہے۔ ڈی ایم پرناؤ کمار نے بتایا کہ بچاؤ کا کام صبح سے جاری ہے۔ اب تک 6 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔