بہار اسمبلی انتخاب: پہلے مرحلہ میں 121 سیٹوں پر ووٹنگ کل، راہل گاندھی نے ’جین-زی‘ سے کی خصوصی اپیل

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کل کا دن صرف ووٹنگ کا دن نہیں، بلکہ بہار کے مستقبل کی سمت طے کرنے کا دن ہے۔ آپ میں سے کئی پہلی بار ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں۔ یہ صرف آپ کا حق نہیں، بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/ECISVEEP">@ECISVEEP</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار میں پہلے مرحلہ کے تحت اسمبلی کی 121 سیٹوں پر ووٹنگ کی تیاری مکمل ہو چکی ہے۔ 6 نومبر کو ہونے والی اس ووٹنگ کے پیش نظر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن نے دعویٰ کیا ہے کہ ووٹرس کی سہولیات کا خاص خیال رکھتے ہوئے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں بہار کے 18 اضلاع میں 121 اسمبلی سیٹوں پر ووٹ ڈالے جائیں گے اور ووٹرس 1314 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ اس درمیان سبھی پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر حق رائے دہی کا استعمال کریں۔ لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھی بہار کی عوام، خصوصاً نوجوان طبقہ سے ریاست کے روشن مستقبل کے لیے ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ جاری کر ’جین-زی‘ یعنی نوجوان طبقہ سے خصوصی اپیل کی ہے۔ انھوں نے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’بہار کے میرے نوجوان ساتھیوں، میرے جین-زی بھائیوں اور بہنوں! کل کا دن صرف ووٹنگ کا دن نہیں، بلکہ بہار کے مستقبل کی سمت طے کرنے کا دن ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’آپ میں سے کئی پہلی بار ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں۔ یہ صرف آپ کا حق نہیں، بلکہ جمہوریت کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔‘‘


اس پوسٹ میں راہل گاندھی نوجوان طبقہ کے سامنے ’ووٹ چوری‘ کا ذکر کرتے ہوئے بھی دکھائی دیتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’آپ نے دیکھا، ہریانہ میں کس طرح زبردست ووٹ چوری کا کھیل کھیلا گیا۔ مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ... ہر جگہ ان لوگوں نے عوام کی آواز دبانے کی کوشش کی۔ اب ان کی نظر بہار پر ہے، آپ کے ووٹ پر، آپ کے مستقبل پر۔ کل بڑی تعداد میں اپنے پولنگ مرکز پر پہنچیے، مہاگٹھ بندھن کے اپنے امیدوار کو ووٹ دیجیے۔‘‘ ساتھ ہی وہ اپیل کرتے ہیں کہ ’’بوتھ پر ہو رہی ہر سازش، ہر ہیرا پھیری پر محتاط رہیے۔ جمہوریت کی سب سے بڑی طاقت، بیدار عوام ہوتی ہے۔ بہار کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے۔ ’ووٹ چوری، سرکار چوری‘ کی اس سازش کو شکست دیجیے۔ سچائی اور عدم تشدد کے راستہ پر چلتے ہوئے، اپنے ووٹ سے جمہوریت کو بچائیے، بہار کو جگائیے۔‘‘

بہار کی عوام سے راہل گاندھی کی اپیل کو کانگریس نے بھی اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کیا ہے۔ اس پوسٹ میں ہریانہ اسمبلی انتخاب کے دوران ہوئی ’ووٹ چوری‘ کا بھی ذکر ہے۔ راہل گاندھی کہتے ہیں کہ ’’میرے بہار کے بھائیوں اور بہنوں۔ آج آپ نے پریس کانفرنس میں بی جے پی اور ’ووٹ چوری‘ کی سچائی کو دیکھا۔ بی جے پی نے ہریانہ کا انتخاب چوری کیا ہے۔ اس سے قبل مدھیہ پردیش، مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ کا بھی انتخاب چوری کیا گیا۔ اب یہ بہار کا انتخاب چوری کرنے کی کوشش میں ہیں۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’میں نے پریس کانفرنس میں بہار کے لوگوں کی کہانی بتائی، جو کہ بہار میں لاکھوں لوگوں کے ساتھ ہو رہا ہے۔ لوگوں کا ووٹ کاٹا گیا ہے، ان کا ووٹ چھینا گیا ہے۔‘‘


ووٹ چوری کے خلاف سخت آواز بلند کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ووٹ چوری آئین پر حملہ ہے، ہم سب کو مل کر ووٹ چوری روکنی ہے۔ بہار کی عوام، نوجوان، جین-زی کی ذمہ داری ہے کہ آپ بھاری تعداد میں ووٹ کریں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’مہاگٹھ بندھن کی گارنٹی ہے کہ ہم سب غریبوں، مزدوروں، انتہائی پسماندوں، پسماندوں، مہادلتوں، دلتوں، اقلیتوں، غریب و جنرل طبقہ کی حکومت بنائیں گے۔ جس میں ہر ایک بہاری کی آواز بلند ہوگی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔