بہار اسمبلی انتخابات میں بڑی دھاندلی ہوئی، ’ووٹ چوری‘ سے الیکشن جیتا گیا: کانگریس
وینو گوپال نے کہا کہ کانگریس اس چُرائے گئے مینڈیٹ کو نئی معمول کی صورتِ حال کے طور پر قبول نہیں کرے گی اور جمہوریت کے تحفظ کی لڑائی جاری رکھے گی، عوام کانگریس کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بہار اسمبلی انتخابات کے نتائج کے سلسلے میں جمعرات کے روز یہاں کانگریس کی اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ ہوئی، جس میں تفصیلی بحث کے بعد حقائق کی بنیاد پر یہ نتیجہ نکالا گیا کہ انتخابات میں زبردست دھاندلی ہوئی ہے اور ’ووٹ چوری‘ کر کے الیکشن جیتا گیا ہے، جس کے خلاف پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی۔
کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپل نے میٹنگ کے بعد دیر رات یہاں ایک بیان میں کہا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کی قیادت میں تقریباً چار گھنٹے تک پارٹی امیدواروں اور دیگر سینئر رہنماؤں کی جائزہ میٹنگ ہوئی، جس میں یہ واضح رائے بنی کہ بہار کے انتخابی نتائج اصل عوامی مینڈیٹ نہیں، بلکہ ایک منصوبہ بند اور گھڑا ہوا نتیجہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کیسے الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی (ایس آئی آر) کے نام پر مخصوص ووٹروں کے نام ہٹائے اور مشتبہ نام شامل کیے۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ الیکشن میں وزیراعلیٰ مہیلا روزگار یوجنا (ایم ایم آر وائی) کے تحت کھلے عام نقد رشوت دی گئی اور پولنگ مراکز پر بھی اسی طرح ووٹروں کو متاثر کیا گیا۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ تمام حلقوں میں ایسا پیٹرن سامنے آیا ہے، جسے کوئی بھی آزاد الیکشن کمیشن کبھی نظر انداز نہیں کرے گا۔
کے سی وینوگوپل نے کہا کہ ’’یہ مسائل منظم انتخابی بدعنوانی اور ضابطہ اخلاق کی کھلے عام خلاف ورزی کی جانب اشارہ کرتے ہیں، جو الیکشن کمیشن کی نگرانی میں ہوئے اور بی جے پی کی انتخابی دھاندلی میں ایسی سرگرمیاں پوری شدت سے جاری رہیں۔ بہار میں جو ہوا وہ جمہوریت پر براہِ راست حملے سے کم نہیں ہے۔ کانگریس اس چُرائے گئے مینڈیٹ کو نئی معمول کی صورتِ حال کے طور پر قبول نہیں کرے گی اور جمہوریت کے تحفظ کی لڑائی جاری رکھے گی، عوام ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔