بھاگوت نے کہا سی اے اے سے کسی کو خطرہ نہیں، اویسی کا جواب- ’ہم بچے نہیں ہیں‘

اسد الدین اویسی نے کہا کہ ’’ہم بچے نہیں ہیں کہ ہمیں کوئی گمراہ کر دے۔ اگر یہ صرف مسلمانوں کے لئے نہیں ہے تو پھر اس قانون سے لفظ مذہب نکال دیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے بارے میں کہا ہے کہ کسی کو بھی اس قانون سے خطرہ نہیں ہے اور ملک میں مسلم کمیونٹی کو گمراہ کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ ان کے اس بیان پر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن اسمبلی اسدالدین اویسی نے ان کے بیان پر شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

اسد الدین اویسی نے کہا کہ ’’ہم بچے نہیں ہیں کہ ہمیں کوئی گمراہ کر دے۔ اگر یہ صرف مسلمانوں کے لئے نہیں ہے تو پھر اس قانون سے لفظ مذہب نکال دیں۔‘‘ اویسی نے کہا کہ جان لیجیے کہ ہم اس وقت تک بار بار مظاہرہ کرتے رہیں گے جب تک کہ قانون میں ہمیں خود کو ہندوستانی ثابت کرنے کی بات موجود رہے گی۔ ہم ایسے ہر اس قانون کی مخالفت کریں گے جس میں مذہب کی بنیاد پر لوگوں کی شہریت کا فیصلہ کیا جائے گا۔


اس سے قبل ناگپور میں دسہرہ کے پروگرام میں موہن بھاگوت نے کہا ہم نے دیکھا کہ ملک میں سی اے اے مخالف مظاہرے ہوئے تھے جس سے معاشرے میں تناؤ پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پڑوسی ممالک سے فرقہ وارانہ وجوہات کی بناء پر تشدد کا شکار ہو کر ہندوستان آتے ہیں انہیں اس سی اے اے کے ذریعے شہریت دی جائے گی۔ ہندوستان کے ان ہمسایہ ممالک میں فرقہ وارانہ ہراساں کرنے کی ایک تاریخ رہی ہے۔ ہندوستان کے شہریت ترمیمی قانون میں کسی خاص فرقے کی مخالفت نہیں ہے۔

سنگھ کے سربراہ نے مزید کہا کہ اس قانون میں ان لوگوں کے لئے کوئی خطرہ نہیں ہے جو ہندوستان کے شہری ہیں۔ اگر کوئی باہر سے آتا ہے اور ہندوستان کا شہری بننا چاہتا ہے تو اس کے لئے ایسی دفعات موجود ہیں جو برقرار ہیں، وہ عمل جوں کا توں موجود ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔