ہماری سرزمین پر چینی قبضہ سے بھاگوت واقف، لیکن سچ کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ موہن بھاگوت کو حقیقت کا علم ہے، وہ صرف سچ کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں اور سچ یہ ہے کہ چین نے ہماری سرزمین پر قبضہ کر لیا ہے اور ہندوستانی حکومت اور آر ایس ایس نے اس کی اجازت دی۔

راہل گاندھی، تصویر اے آئی سی دہلی
راہل گاندھی، تصویر اے آئی سی دہلی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے لداخ میں جاری تعطل کے حوالہ سے ایک مرتبہ پھر حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت پر بھی نکتہ چینی کی ہے۔ دراصل، دسہرہ کے موقع پر بھاگوت نے کہا ہے کہ چین نے ہندوستانی سرحد میں دراندازی کی ہے لیکن وہ (چین) ہندوستانی فوجیوں کے ردعمل کی وجہ سے پہلی بار گھبرایا ہوا ہے۔ اس تبصرے پر راہل گاندھی نے کہا کہ بھاگوت سچائی جانتے ہیں، وہ صرف سچ کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں۔

بھاگوت کے بیان کے بعد راہل گاندھی نے اتوار کے روز اپنے ٹوئٹ میں لکھا، "اندر کی بات یہ ہے کہ موہن بھاگوت کو حقیقت کا علم ہے، وہ صرف سچ کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں۔ سچ یہ ہے کہ چین نے ہماری سرزمین پر قبضہ کر لیا ہے اور ہندوستانی حکومت اور آر ایس ایس نے اس کی اجازت دی۔


خیال رہے کہ دسہرہ کے تہوار کے موقع پر آر ایس ایس ہیڈکوارٹر ناگپور میں منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھاگوت نے کہا کہ پوری دنیا نے چین کی چالاک کوششوں کو دیکھا ہے اور ہر ملک اس کی توسیع کی پالیسی سے واقف ہے۔ بھاگوت نے کہا کہ چین اس وقت بہت سے ممالک یعنی تائیوان، ویتنام، امریکہ، جاپان اور ہندوستان سے لڑ رہا ہے۔ آر ایس ایس سربراہ نے کہا، ’’ہماری فوج کی اٹوٹ حب الوطنی اور ناقابل شکست بہادری، ہمارے حکمرانوں کا پُر فخر رویہ اور اور ہم سب ہندوستانی لوگوں کے صبر سے چین پہلی بار واقف ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔