جمہوریت و آئین پر حملہ کرنے والے شرپسندوں سے ہوشیار رہئے!: نانا پٹولے

نانا پٹولے نے کہا کہ جنہیں کبھی ترنگا تسلیم ہی نہیں تھا وہی لوگ آج ’ہر گھر ترنگا‘ مہم چلا رہے ہیں جو دراصل کانگریس کے نظریے کی جیت ہے۔

نانا پٹولے، تصویر یو این آئی
نانا پٹولے، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

ممبئی: ملک کو آزادی دلانے والے مہاتما گاندھی، پنڈت جواہرلال نہرو، سردار پٹیل، مولانا آزاد و نیتا جی سبھاش چندر بوس جیسی عظیم شخصیات سمیت لاکھوں مجاہدین آزادی کی قربانیوں، جدوجہد اور ایثار سے ملک 15 اگست 1947 کو آزاد ہوا اور ترنگا لہرایا گیا۔ لیکن اس ترنگا کو نہ تسلیم کرنے والے کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو جمہوریت اور آئین کو ختم کرنے کا کام کر رہے ہیں۔ ایسے شرپسندوں سے ہوشیار رہئے اور ترنگے کی عزت اور وقار کو برقرار رکھئے۔ یہ اپیل آج یہاں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کی ہے۔

کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون میں آزادی کا امرت مہوتسو جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر ریاستی ورکنگ صدر اور سابق وزیر نسیم خان، ایم ایل اے راجیش راٹھوڑ، ایم ایل اے وجاہت مرزا، ایس سی ڈویژن کے ریاستی صدر سدھارتھ ہتمبیرے، سابق ایم ایل اے حسنہ بانو خلیفے، جنرل سکریٹری مناف حکیم، ریاستی نائب صدر کیپٹن کلاوت، کے ساتھ بڑی تعداد میں عہدیدار اور کارکنان موجود تھے۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ جب ہندوستان کو آزادی ملی تو دنیا کے دیگر ممالک کو بھی آزادی ملی، لیکن ان کی آزادی زیادہ دیر نہیں قائم نہیں رہ سکی، کیونکہ اس ملک میں جمہوریت اور آئین نہیں تھا۔ ہمارے پاس جمہوریت ہے، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا دیا ہوا آئین اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا کانگریس کا نظریہ تھا، اس لیے آج ہم آزادی کا امرت مہوتسو منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کا موقف تھا کہ ملک کی تقسیم نہیں ہونی چاہئے لیکن سب جانتے ہیں کہ تقسیم کا ذمہ دار کون تھا۔ جنہیں کبھی ترنگا تسلیم ہی نہیں تھا وہی لوگ آج ’ہر گھر ترنگا‘ مہم چلا رہے ہیں جو دراصل کانگریس کے نظریے کی جیت ہے۔ ترنگے کا احترام و وقار ملحوظ رہنا چاہئے لیکن ایوینٹ بازی سے وہ نہیں رکھا جاسکتا۔ چین سے ترنگا جھنڈا درآمد کیا گیا ہے، اس ترنگے میں رنگ، سائز اور اشوک چکر میں تال میل نہیں ہے۔

نانا پٹولے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے آزادی کے امرت سال کے دوران سب کو مکان فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اگر آپ دیکھیں کہ آج امرت مہوتسو مناتے ہوئے کتنے لوگوں کو مکانات دیئے گئے ہیں تو لگتا ہے کہ یہ بھی ایک جملہ تھا۔ بی جے پی حکومت جھوٹے وعدوں کے ذریعے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے۔ آزاد ہندوستان میں کسان کو آندولن جیوی ودہشت گرد کہہ کر ان کی توہین کی گئی جو نہایت افسوسناک ہے۔ اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر نے آزادی کے امرت مہوتسو کی سب کو مبارکباد دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔