بنگلورو: کے ایس آر ریلوے اسٹیشن پر کھڑی اُدیان ایکسپریس میں لگی آگ، کافی مشقت کے بعد آگ پر پایا گیا قابو

صبح 7.10 بجے ٹرین کے کوچ بی-1 اور بی-2 سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا، فوراً ہی فائر بریگیڈ کو الرٹ کیا گیا، خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کافی مشقتوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔

<div class="paragraphs"><p>ٹرین میں لگی آگ</p></div>

ٹرین میں لگی آگ

user

قومی آوازبیورو

بنگلورو کے کرانتی ویرا سنگولی راینا (کے ایس آر) ریلوے اسٹیشن پر آج صبح اُدیان ایکسپریس ٹرین میں آگ لگنے سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ فوری طور پر آگ لگنے کی خبر فائر بریگیڈ ڈپارٹمنٹ کو دی گئی اور گھنٹوں کی مشقت کے بعد فائر بریگیڈ دستہ نے اس آگ پر قابو پایا۔ یہ ٹرین ممبئی سے بنگلورو اسٹیشن کے لیے چلتی ہے، یعنی کے ایس آر ریلوے اسٹیشن اس ٹرین کی آخری منزل ہوتی ہے۔ یہاں سبھی مسافر ٹرین سے اتر چکے تھے تب یہ آگ لگی۔ یہی وجہ ہے کہ کسی طرح کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے جنوب مغربی ریلوے کے حوالے سے بتایا ہے کہ آگ لگنے کا واقعہ مسافروں کے ٹرین سے اترنے کے تقریباً 2 گھنٹے بعد پیش آیا۔ حادثے میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔ موقع پر پہنچی فائر بریگیڈ کی ٹیم حالات کا جائزہ لے رہی ہے۔


ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ ممبئی کے چھترپتی شیواجی ٹرمینس سے چلنے والی ٹرین نمبر 11301 اُدیان ایکسپریس ہفتہ کے روز صبح 5.45 بجے بنگلورو واقع کے ایس آر ریلوے اسٹیشن پہنچی تھی۔ تقریباً 7.10 بجے ٹرین کے کوچ بی-1 اور بی-2 سے دھواں اٹھتا دکھائی دیا۔ اس سے اسٹیشن پر افرا تفری مچ گئی اور فوراً ہی فائر بریگیڈ کو الرٹ کیا گیا۔ خبر ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور کافی مشقتوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔ ٹرین میں آگ کس وجہ سے لگی، اس بارے میں ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ ریلوے افسران نے اس آتشزدگی واقعہ کی جانچ شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ ٹرین میں آگ لگنے کا یہ ایک ہفتہ کے اندر دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 16 اگست کو خام تیل لے کر مونگیر سے کیول جا رہی مال گاڑی کے ٹینکر میں جمال پور ریلوے اسٹیشن پر آگ لگ گئی تھی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے سرگرمی دکھاتے ہوئے وقت رہتے آگ پر قابو پا لیا تھا اور کوئی بڑا حادثہ ہونے سے پہلے ہی ٹل گیا تھا۔ اس حادثہ میں بھی کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا تھا۔ اس حادثہ کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ اسپارکنگ کے سبب ٹرین کے ٹینکر میں آگ لگی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔