جمنا میں کروز چلانے سے قبل دہلی حکومت جمنا کو صاف اور آلودگی سے پاک بنانے کی سمت میں کام کرے: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی نے مارچ 2025 میں جمنا میں سونیا وہار سے جگت پور تک 4 کلومیٹر کروز چلانے کے منصوبہ کا اعلان کیا تھا، جس کی تجویز حکومت کی بے عملی کی وجہ سے 3 ماہ تک بڑھا دی گئی ہے۔‘‘

نئی دہلی: کانگریس کے ریاستی صدر دیویندر یادو نے ایک بار پھر بی جے پی کے جمنا ندی کے صفائی والے بیان پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 11 سالوں میں جمنا کو صاف کرنے میں ناکام بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ دہلی میں دسمبر 2025 میں جمنا میں کروز چلنے شروع ہو جائیں گے۔ اقتدار میں آتے ہی بی جے پی نے مارچ 2025 میں جمنا میں سونیا وہار سے جگت پور تک 4 کلومیٹر کروز چلانے کے منصوبہ کا اعلان کیا تھا، جس کی تجویز حکومت کی بے عملی کی وجہ سے 3 ماہ تک بڑھا دی گئی ہے۔ آلودہ اور گندی جمنا میں سیاحت کو فروغ دے کر کروز چلانے کا خواب دکھانا بالکل ویسے ہی ہے جیسے اروند کیجریوال نے دہلی کو لندن اور پیرس بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
دیویندر یادو نے کہا کہ ریکھا گپتا دہلی حکومت کو ’ایونٹ بیس‘ نہ بنا کر منظم اور بدحال دہلی کے انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کریں تو دہلی اور عوام کے حق میں بہتر ہوگا۔ کانگریس، دہلی حکومت کے ذریعہ جمنا میں کروز چلانے کی مخالفت نہیں کرتی، لیکن کیا آلودہ اور گندی جمنا میں کروز پر سیر کرنے والے سیاح صحت کے نقطۂ نظر سے محفوظ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی کی گزشتہ ماہ کی رپورٹ کے مطابق کُل 37 سیور ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) میں سے 26 ایس ٹی پی معیار کے مطابق کام نہیں کر رہے ہیں، صرف 11 ہی معیار کے مطابق کام کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے جمنا میں انتہائی گندہ پانی گر رہا ہے۔ اس کا سنٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) نے آڈٹ کرانے کا فیصلہ لیا ہے جو حکومت کے کام کرنے کے انداز پر سوالیہ نشان لگاتا ہے۔
کانگریس ریاستی صدر کے مطابق جمنا کی صفائی کا اب تک ڈھنڈورا پیٹ رہی بی جے پی کی جمنا صفائی مہم پر دہلی کی آلودگی کنٹرول کمیٹی، سی پی سی بی اور این جی ٹی سوال اٹھا رہی ہے، تب کیسے ممکن ہے کہ ریکھا گپتا حکومت دسمبر 2025 تک جمنا میں کروز چلا پائے گی۔ جمنا میں کروز چلانے کا منصوبہ کوئی نیا نہیں ہے، عام آدمی پارٹی نے بھی اس کا اعلان کر کے ایک سال تک اس پر کوئی کام نہیں کیا۔ اس کو صرف ایونٹ بنا کر واہ واہی لوٹی تھی، جو آج بی جے پی کر رہی ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ این جی ٹی کے حکم پر 2015 میں 18 ایس ٹی پی اپگریڈیشن کا کام شروع کیا تھا جو 2017 میں مکمل ہونا تھا، لیکن ابھی تک مکمل نہیں ہوا ہے۔ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کی لاپرواہی کی وجہ سے لوگ آبی اور فضائی آلودگی سے متاثر ہو رہے ہیں۔ وزیر آباد سے اوکھلا بیراج تک 22 کلومیٹر کے جمنا میں گندہ، زہریلا اور آلودہ پانی بہتا ہے۔ اس کی بڑی وجہ نالوں سے براہ راست گندہ، صنعتی، کیمیکل اور انسانی فضلہ والا پانی جمنا میں گرنا ہے۔ دہلی میں روزانہ 792 ایم جی ڈی سیویج نکلتا ہے جس میں صرف 640 ایم جی ڈی کو ٹریٹ کیا جاتا ہے، جس کے معیار پر این جی ٹی نے پہلے ہی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ بقیہ 171 ایم جی ڈی سیور براہ راست جمنا میں گرتا ہے جو دہلی والوں کی صحت کے نقطہ نظر سے ایک تشویشناک امر ہے۔
دیویندر یادو نے کہا کہ ریکھا گپتا حکومت دہلی والوں کے لیے سنجیدگی کے ساتھ کام کرے۔ جمنا میں کروز چلانے سے قبل دہلی حکومت جمنا کو صاف اور آلودگی سے پاک بنانے کی سمت میں کام کرے۔ کیونکہ راجدھانی میں جمنا کی گندگی اور آلودگی دہلی کے لیے ایک لعنت ثابت ہو رہی ہے، جس کے لیے گزشتہ عام آدمی پارٹی کی حکومت اور موجودہ وقت میں بی جے پی کی حکومت دونوں برابر کی ذمہ دار ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔