بریلی: رام گنگا میں آئے سیلاب سے 300 گاؤں متاثر

رام گنگا اور کوسی ندی میں کالاگڑھ بیراج سے کثیر مقدار میں پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے ضلع کے تقریباً تین سو گاؤں پانی سے گھر گئے ہیں۔

ضلع مجسٹریٹ نتیش کمار اور ایس ایس پی روہت سنگھ متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے، تصویر ٹوئٹر@dmbareilly
ضلع مجسٹریٹ نتیش کمار اور ایس ایس پی روہت سنگھ متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرتے ہوئے، تصویر ٹوئٹر@dmbareilly
user

یو این آئی

بریلی: پہاڑیوں پر مسلسل بارش کی وجہ سے بریلی، پیلی بھیت اور شاہجہان پور میں سیلاب کے حالات پیدا ہوگئے ہیں۔ رام گنگا اور کوسی ندی میں کالاگڑھ بیراج سے کثیر مقدار میں پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے ضلع کے تقریباً تین سو گاؤں پانی سے گھر گئے ہیں۔

رام گنگا کے کنارے واقع تمام گاؤں میں لوگوں کو گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر پناہ لینے کو مجبور ہونا پڑا ہے۔ ضلع انتظامیہ کے مطابق بہیڑی کے تقریباً 25 گاؤں میں صورتحال نازک ہے۔ بریلی کے میر گنج اور بہیڑی علاقہ کے 30 گاؤں سیلاب کی زد میں آگئے ہیں۔ سب سے خراب حالات پیلی بھیت کے ہیں۔ دیوہا ندی کا سیلابی پانی شہر کے نشیبی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے۔


محلہ بینی چودھری میں لوگوں کے گھروں میں پانی بھرگیا ہے۔ ایسی صورت حال میں شہریوں نے خاندانوں کے ساتھ گھروں کی چھتوں پر ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ عیدگاہ کراسنگ سے بریلی ہائی وے کو ملانے والا رابطہ روڈ پانی میں ڈوب گیا ہے۔ سڑک پر بیریکیڈ لگاکر آمد و رفت بند کر دی گئی ہے۔

ضلع مجسٹریٹ نتیش کمار اور ایس ایس پی روہت سنگھ سجوان بدھ کو بہیڑی میں متاثرہ علاقوں کا معائنہ کرنے پہنچے۔ انہوں نے ایس ڈی ایم اور تحصیلدار کو ہدایت دی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں بھیجیں اور بارش سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ پیش کریں۔ ڈوڈا شمالی، اسپننگ مل، فیروز پور سمیت کئی متاثرہ دیہاتوں کے لوگوں کے مسائل سنے۔ جن قریوں میں سیلاب کا پانی بھرگیا ہے، وہاں عارضی کیمپ لگا کر راحت کا انتظام کرنے کی ہدایات دی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔