’بربادیوں کا جشن مناتا چلا گیا...‘، ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ پر حکومت کے جشن کو کانگریس نے بتایا بیوقوفی

کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے کہا کہ ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ پر صرف خالص بیوقوف ہی خوش ہو سکتے ہیں۔ یہ معاہدہ اس قدر یکطرفہ اور ہندوستان کے لیے خراب ہے کہ اسے ایک غدار ہی درست ٹھہرا سکتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>گرافکس ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/INCIndia">@INCIndia</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’’بربادیوں کا جشن مناتا چلا گیا... آج کچھ ایسا ہی نریندر مودی اور بی جے پی کے لوگ کر رہے ہیں۔ یہ لوگ 18 فیصد ٹریڈ ڈیل پر جشن منا رہے ہیں، جبکہ ابھی تک ہندوستان پر امریکہ اوسطاً 3 فیصد سے کم ٹیرف لگاتا تھا۔‘‘ یہ بیان کانگریس ترجمان اور سوشل میڈیا و ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی چیئرپرسن سپریا شرینیت نے ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ کے بعد برسراقتدار طبقہ کا جشن دیکھنے کے بعد دیا ہے۔ انھوں نے تلخ الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہند-امریکہ تجارتی معاہدہ پر صرف خالص بیوقوف خوش ہو سکتے ہیں۔ یہ معاہدہ اس قدر یکطرفہ اور ہندوستان کے لیے خراب ہے کہ اسے ایک غدار ہی درست ٹھہرا سکتا ہے۔‘‘

یہ بیان سپریا شرینیت نے ایک ویڈیو کے ذریعہ جاری کیا ہے، جسے کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر پوسٹ کی ہے۔ اس میں وہ کہتی ہوئی نظر آ رہی ہیں کہ ’’بی جے پی والوں کو جشن مناتے دیکھ کر کوئی حیرت نہیں ہوئی، وہ ملک مخالفین کا جھُنڈ جو ٹھہرے۔‘‘ یہ تلخ تبصرہ کرنے کے بعد انھوں نے تجارتی معاہدہ کے کچھ ضابطوں کا ذکر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس تجارتی معاہدہ کے مطابق امریکہ ہندوستانی ایکسپورٹ پر 18 فیصد ٹیرف لگائے گا، جبکہ ابھی تک ہندوستان پر امریکہ اوسطاً 3 فیصد سے کم ٹیرف لگاتا تھا۔ ہندوستان امریکی سامانوں پر صفر ٹیرف لگائے گا، جبکہ اب تک ہندوستان امریکہ پر 30 سے 100 فیصد ٹیرف لگاتا تھا۔‘‘ وہ یہ بھی بتاتی ہیں کہ ’’امریکہ سے ہندوستان 500 ارب ڈالر کی توانائی، ٹیکنالوجی، زرعی مصنوعات اور کوئلہ کی خریداری کرے گا، ساتھ ہی دیگر چیزوں کی خرید میں اضافہ کرے گا۔ ہندوستان سستا تیل بھی روس سے نہیں خریدے گا۔ اس کی جگہ امریکہ اور وینزویلا سے تیل کی خریداری ہوگی۔‘‘


ہند-امریکہ معاہدہ میں موجود حقائق کو سامنے رکھنے کے بعد سپریا شرینیت نے کچھ اہم سوالات بھی قائم کیے ہیں، جو اس طرح ہیں:

  • جنگ بندی کی طرح ہماری ٹریڈ ڈیل کا اعلان ٹرمپ نے پہلے کیوں کیا؟

  • ہمارے اوپر اوسطاً 3 فیصد سے کم ٹیرف لگتا تھا، اب 18 فیصد لگے گا۔ یہ ہندوستان کی فتح کیسے ہے؟

  • جن امریکی چیزوں پر ہندوستان اب تک 30 سے 100 فیصد ٹیرف لگاتا تھا، اس پر صفر ٹیرف لگانا ہماری فتح کیسے ہے؟

  • معلوم ہوتا ہے ہندوستان نے امریکہ کے لیے اپنا بازار پوری طرح کھولنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، اس سے گھریلو ہندوستانی صنعت اور تاجروں کی سیکورٹی کس طرح ہوگی؟

  • زیادہ امریکی سامان خریدنے سے ’میک اِن انڈیا‘ اور ہماری مینوفیکچرنگ کا کیا ہوگا؟

  • جس طرح سے اس معاہدہ کے بعد امریکی زراعت سکریٹری نے خوشی کا اظہار کیا ہے، اس سے بالکل صاف ہے کہ امریکی کسانوں کی تو چاندی ہے، لیکن ہمارے کسانوں پر اس طرح کے حملہ کے لیے آپ راضی کس طرح ہوئے مودی جی؟

  • امریکہ کون ہوتا ہے یہ فیصلہ کرنے والا کہ ہم روس سے تیل خریدیں گے یا نہیں؟

  • ایران کے چابہار بندرگاہ میں ہم رہیں گے یا نہیں؟

  • مودی نے یہ ملک مخالف معاہدہ اتنا سر جھکا کر کیوں کیا ہے؟

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔