بابری مسجد کیس: ملزمین کے بری ہونے کے خلاف عرضی ’کریمنل اپیل‘ میں تبدیل، سماعت یکم اگست کو

الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ کے جسٹس دنیش کمار نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ از سر نوجائزہ عرضی سماعت کے لائق نہیں تھی، اس لیے وہ اپنے دفتر کو اسے کریمنل اپیل کی شکل میں بدلنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔

اوما بھارتی، مرلی منوہر جوشی اور لال کرشن اڈوانی
اوما بھارتی، مرلی منوہر جوشی اور لال کرشن اڈوانی
user

قومی آوازبیورو

بابری مسجد انہدام معاملے میں لال کرشن اڈوانی، اوما بھارتی، چمپت رائے، ونئے کٹیار، مرلی منوہر جوشی، سادھوی رتمبھرا اور دیگر سینئر بی جے پی اور آر ایس ایس لیڈران کو بری کیے جانے کے خلاف عرضی پر آج سماعت کرتے ہوئے الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ نے عرضی کو کریمنل اپیل میں بدلنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کی آئندہ تاریخ یکم اگست طے کر دی ہے۔

الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ کے جسٹس دنیش کمار سنگھ نے حکم میں کہا کہ سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی یو پی کے سابق وزیر اعلیٰ کلیان سنگھ، سینئر بی جے پی لیڈر مرلی منوہر جوشی، اوما بھارتی، ونئے کٹیار، سادھوی رتمبھرا، برج بھوشن شرن سنگھ سمیت سبھی 32 ملزمین کو بری کرنے کے خلاف داخل از سر نو جائزہ عرضی سماعت کے لائق نہیں تھی، اس لیے انھوں نے اپنے دفتر کو ہدایت دی کہ ترمیم کر عرضی کو کریمنل اپیل کی شکل میں بدل دی جائے۔ عدالت نے سماعت کی آئندہ تاریخ یکم اگست طے کی ہے۔


یہ عرضی 8 جنوری 2021 کو ایودھیا کے حاجی محبوب اور سید اخلاق کے ذریعہ داخل کی گئی ہے۔ دونوں کو بابری مسجد انہدام کیس کے گواہ کی شکل میں عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ ان کے گھر مسجد کے بغل میں تھے۔ 6 دسمبر 1992 کو انہدام کے بعد ان کے گھروں پر حملہ کیا گیا اور انھیں جلا دیا گیا تھا۔

لکھنؤ کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے یکم اکتوبر 2020 کو بابری مسجد انہدام کیس کے سبھی ملزمین کو بری کر دیا تھا۔ بری ہونے کے 100 دن بعد سی بی آئی عدالت کے فیصلے کے خلاف دونوں نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ کے سامنے ایک از سر نو جائزہ عرضی داخل کی۔


6 دسمبر 1992 کو بابری مسجد انہدام کا معاملہ درج کیا گیا تھا جس میں 1026 گواہ اور سماعت کے دوران 48 ملزمین فہرست بند تھے۔ ملزمین میں 16 کی سماعت کے دوران موت ہو گئی۔ مقدمات کے دوران جن کا انتقال ہو چکا ان میں شیوسینا سربراہ بال ٹھاکرے، گورکھ ناتھ مٹھ کے سابق چیف مہنت اویدناتھ، وی ایچ پی کے سابق چیف وشنو ہری ڈالمیا، ایودھیا میں رام جنم بھومی نیاس کے سابق چیف مہنت رام چندر داس پرمہنس اور وی ایچ پی لیڈر اشوک سنگھل شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔