’میں انصاف کا قائل ہو گیا‘، ہیٹ اسپیچ معاملہ میں تین سال کی سزا ملنے کے بعد اعظم خان کا بیان

سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کو آج اس وقت ایک بڑا جھٹکا لگا جب یوپی کے رامپور کورٹ نے ہیٹ اسپیچ معاملہ میں انھیں تین سال کی سزا سنا دی، اس سے قبل آج ہی عدالت نے انھیں قصوروار قرار دیا تھا۔

اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کو آج اس وقت ایک بڑا جھٹکا لگا جب یوپی کے رامپور کورٹ نے ہیٹ اسپیچ معاملہ میں انھیں تین سال کی سزا سنا دی، اس سے قبل آج ہی عدالت نے انھیں قصوروار قرار دیا تھا۔ قصوروار ثابت ہونے کے بعد ہی انھیں عدالتی حراست میں لے لیا گیا تھا۔ سزا سنائے جانے کے بعد انھیں ضمانت دے دی گئی۔ بعد ازاں اعظم خان نے کہا کہ ’’یہ زیادہ سے زیادہ سزا تھی جس میں ضمانت لازمی سہولت ہے، اور اسی بنیاد پر ضمانت ملی۔ لیکن میں انصاف کا قائل ہو گیا۔‘‘

واضح رہے کہ اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق اعظم خان نے اپریل 2019 میں رامپور میں مبینہ طور پر یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف اشتعال انگیز بیان دیا تھا اور اس کے بعد رامپور کے ضلع مجسٹریٹ کے خلاف بھی قابل اعتراض بیان بازی کی تھی۔ اس معاملے میں 9 اپریل 2019 کو رامپور کے مِلک کوتوالی میں معاملہ درج کیا گیا تھا۔ اعظم خان اس سے پہلے کئی مہینوں تک جیل میں قید بھی رہ چکے ہیں۔


بہرحال، ہیٹ اسپیچ معاملے پر اعظم خان کو تین سال کی سزا سنائے جانے اور پھر ضمانت ملنے کے پیش نظر ان کے وکیل ونود یادو کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ ’’ہم نے ابھی فیصلہ پڑھا نہیں ہے۔ لیکن ہم اس فیصلے کے خلاف اپیل کریں گے۔ ضمانت مل گئی ہے۔ اپیل فائل کرنے کے لیے ایک ہفتہ کا وقت ملا ہے۔‘‘ بیان سے ظاہر ہے کہ اعظم خان کے وکیل سیشن کورٹ جانے کا ارادہ کر چکے ہیں، اور جلد ہی اس سلسلے میں اپیل کی جا سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔