اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ نے قانون ساز اسمبلی کے ممبر کی حیثیت سے لیا حلف

یوپی اسمبلی کے اسپیکر ستیش مہانا نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس کے بعد اعظم خان اپنے بیٹے کے ساتھ آج مقننہ کے بجٹ اجلاس کی کارروائی میں بھی حصہ لیں گے۔

اعظم خان اور عبداللہ اعظم نے ایم ایل اے کے طور پر حلف لیتے ہوئے۔ تصویر آئی اے این ایس
اعظم خان اور عبداللہ اعظم نے ایم ایل اے کے طور پر حلف لیتے ہوئے۔ تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی کے سینئر ایم ایل اے اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم نے پیر کو ودھان بھون میں اسپیکر ستیش مہانا کے دفتر میں قانون ساز اسمبلی کے ارکان کے طور پر حلف لیا۔ اعظم خان پیر کو اپنے بیٹے عبداللہ اعظم خان کے ساتھ لکھنؤ پہنچے، جو رام پور کے سوار ٹانڈہ سے سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے ہیں۔ یوپی اسمبلی کے اسپیکر ستیش مہانا نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس کے بعد اعظم خان اپنے بیٹے کے ساتھ آج مقننہ کے بجٹ اجلاس کی کارروائی میں بھی حصہ لیں گے۔

اعظم خان، جو گزشتہ دنوں سیتا پور جیل سے باہر آئے ہیں، جیل میں رہنے کی وجہ سے وہ اپنے ایم ایل اے کے عہدے کا حلف نہیں اٹھا سکے تھے۔ اسمبلی اجلاس میں ان کی شرکت پر مسلسل شکوک و شبہات پائے جا رہے تھے۔ لیکن اتوار کی دیر رات اعظم خان اپنے بیٹے عبداللہ اعظم کے ساتھ لکھنؤ پہنچ گئے۔


اعظم خان تقریباً ڈھائی سال سے سیتا پور کی ڈسٹرکٹ جیل میں بند تھے۔ اعظم خان، جو 19 مئی کو سپریم کورٹ سے عبوری راحت ملنے کے بعد 20 مئی کو جیل سے باہر آئے ہیِ، وہ اتوار کے روز لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں شریک نہیں ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ اترپردیش کی 18ویں قانون ساز اسمبلی کے ارکان آج سے شروع ہونے والے قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پہلی بار قومی ای-ودھان اپلیکیشن کے تحت چلائی جانے والی کارروائی کا حصہ ہوں گے۔ سال 2022 کے ساتھ ساتھ اٹھارویں قانون ساز اسمبلی کا آج سے پہلا اجلاس ہوگا۔ اجلاس میں ریاستی حکومت مالی سال 2022-23 کا بجٹ پاس کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔