منفرد اقدام! جیل میں بند گاڑی چوروں کو دی جائے گی گاڑی مرمت کی تربیت

متھرا جیل کے سپرنٹنڈنٹ برجیش سنگھ نے کہا ’’اس کا مقصد نوجوانوں کو تربیت دینا اور انہیں خود انحصار بنانا ہے۔ ہمارے اصلاحی پروگرام کے تحت، قیدیوں کو روزگار پر مبنی مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں۔‘‘

متھرا جیل، تصویر آئی اے این ایس
متھرا جیل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

متھرا: متھرا جیل حکام نے جیل میں بند گاڑی چوروں کو موٹر اور آٹو مکینک بننے کی تربیت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ متھرا جیل انتظامیہ نے ان زیر سماعت قیدیوں کو آٹو موبائل کی مرمت کی تربیت دینے کے لیے ایک این جی او سے رابطہ کیا ہے تاکہ ان کی طویل مدتی بحالی اور انضمام میں مدد مل سکے۔

قیدیوں کو جیل سے رہائی کے بعد 30 روزہ ہنر مندی کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ روزگار حاصل کر سکیں۔ انہیں پروگرام کی کامیابی سے تکمیل پر سرٹیفکیٹ بھی دیا جائے گا۔ متھرا جیل کے سپرنٹنڈنٹ برجیش سنگھ نے کہا ’’اس کا مقصد نوجوانوں کو تربیت دینا اور انہیں خود انحصار بنانا ہے۔ ہمارے اصلاحی پروگرام کے تحت، قیدیوں کو روزگار پر مبنی مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں۔‘‘


تیس روزہ ٹریننگ ماڈیول میں قیدیوں کو انجن کی مکمل مرمت بشمول انجن کی اوورہالنگ، بائیک سروسنگ وغیرہ کی عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق این جی او جیل انتظامیہ کو مختلف قسم کی بائیک فراہم کرتی ہے تاکہ قیدی انہیں تربیت کے لیے استعمال کر سکیں۔ سنگھ نے کہا کہ یہ ماڈیول خاص طور پر ان قیدیوں کے لیے ہے جو موٹر سائیکل چوری کے الزام میں جیل میں بند ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔