’سب کو بھگاؤ یہاں سے‘، نتیش کمار نے ایوان میں شراب بندی کے سوال پر بی جے پی لیڈروں کو زبردست ڈانٹ لگائی

وزیر اعلیٰ کافی دیر تک ایوان میں بی جے پی لیڈروں کو ڈانٹتے ہوئے دکھائی دیئے۔ انھوں نے تلخ آواز میں کہا کہ ’’اس وقت سبھی شراب بندی کے حق میں تھے یا نہیں تھے۔ اب کیا ہو گیا؟

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بہار اسمبلی میں سرمائی اجلاس جاری ہے اور اس دوران آج وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا سخت تیور دکھائی دیا۔ آج جب چھپرہ میں زہریلی شراب سے 7 لوگوں کی موت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کا معاملہ بی جے پی نے اٹھایا تو نتیش کمار کی ناراضگی دیکھنے کو ملی۔ جب شراب بندی کو لے کر بی جے پی لیڈروں نے سوال اٹھایا تو نتیش کمار اچانک مشتعل ہو گئے اور کہا کہ ’’جب تک ہمارے ساتھ آپ لوگ تھے تو شراب بندی کے حق میں تھے۔ اب آپ کو کیا ہو گیا؟ جھوٹ بولتے ہو، ڈرامہ کر رہے ہو، یہ غلط بات ہے۔ سب کو بھگاؤ یہاں سے۔ آپ لوگ گندہ کام کر رہے ہیں۔‘‘

وزیر اعلیٰ کافی دیر تک ایوان میں بی جے پی لیڈروں کو ڈانٹتے ہوئے دکھائی دیئے۔ انھوں نے تلخ آواز میں کہا کہ ’’اس وقت سبھی شراب بندی کے حق میں تھے یا نہیں تھے۔ اب کیا ہو گیا؟ اتنا گندہ کام کر رہے ہو۔ کیوں بول رہے ہیں ایسا کہ شراب فروخت ہو رہی ہے۔ اب کہہ رہے ہیں کہ آج میں گندہ کام کروا رہا ہوں۔ اس کا مطلب تم لوگ ہی گڑبڑ کر رہے ہو۔‘‘


اس دوران وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اسپیکر اودھ بہاری چودھری پر بھی ناراضگی ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’آپ ان کی ہی حمایت کر رہے ہیں۔ ان کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ آج سبھی کہہ رہے ہیں کہ شراب فروخت ہو رہی ہے تو لوگ مر رہے ہیں۔ اس وقت سبھی شراب بندی کے حق میں تھے۔ شرابی ہو کیا تم لوگ؟ آپ جو کر رہے ہو یہ پورے بہار میں چلے گا۔ پوسٹر لے کر کھڑے ہو گئے ہو۔ سب کو بھگاؤ یہاں سے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔