بی جے پی چھوڑنے والے سوامی پرساد موریہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری، 24 جنوری تک پیشی کا حکم

مذہبی جذبات مشتعل کرنے کے ایک پرانے معاملے میں سوامی پرساد کے خلاف یہ کارروائی ہوئی ہے، 2014 میں ان کے قابل اعتراض بیان کو لے کر گرفتاری وارنٹ جاری کیا گیا تھا لیکن اس پر 2016 سے اسٹے لگا تھا۔

سوامی پرساد موریہ، تصویر آئی اے این ایس
سوامی پرساد موریہ، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

یوگی کابینہ سے استعفیٰ دینے والے اور بی جے پی چھوڑنے کے بعد اس کی پالیسیوں کے خلاف کھل کر آواز اٹھانے والے سوامی پرساد موریہ کی پریشانیاں بڑھتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ سوامی پرساد موریہ کے خلاف ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے گرفتاری وارنٹ جاری کیا ہے۔ سلطان پور کی عدالت نے ان کو آئندہ 24 جنوری تک پیش ہونے کا حکم صادر کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذہبی جذبات مشتعل کرنے کے ایک پرانے معاملے میں سوامی پرساد کے خلاف یہ کارروائی ہوئی ہے۔ ’آج تک‘ پر شائع ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ 2014 میں دیوی دیوتاؤں پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے کے معاملے میں بدھ کے روز سابق وزیر سوامی پرساد موریہ عدالت میں حاضر نہیں ہوئے تو ایڈیشنل چیف مجسٹریٹ ایم پی-ایم ایل اے نے ملزم سابق وزیر محنت سوامی پرساد موریہ کے خلاف قبل میں جاری گرفتاری وارنٹ کو جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس معاملے میں آئندہ 24 جنوری کو سماعت کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔


واضح رہے کہ سوامی پرساد موریہ کے خلاف یہ نیا گرفتاری وارنٹ نہیں ہے۔ وارنٹ پہلے سے جاری تھا لیکن موریہ نے ہائی کورٹ سے 2016 سے اس پر اسٹے لے رکھا تھا۔ گزشتہ 6 جنوری کو ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے موریہ کو 12 جنوری کو حاضر ہونے کو کہا تھا اور جب وہ حاضر نہیں ہوئے تو وارنٹ پہلے کے مطابق جاری کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */