’48 گھنٹے میں معافی مانگو ورنہ...‘، عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ای ڈی کو بھجوایا ہتک عزتی کا نوٹس

سنجے سنگھ کا دعویٰ ہے کہ ای ڈی نے آبکاری معاملہ میں غلط طریقے سے ان کا نام چارج شیٹ میں ڈال دیا ہے، جبکہ کسی گواہ نے ان کا نام نہیں لیا۔

سنجے سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
سنجے سنگھ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

عآپ کے سرکردہ لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے ہفتہ کے روز ای ڈی افسران کو ہتک عزتی کا نوٹس بھجوایا ہے۔ یہ نوٹس ای ڈی کے ڈائریکٹر سنجے کمار مشرا اور مبینہ آبکاری گھوٹالہ معاملہ کی جانچ کر رہے تحقیقاتی افسر جوگندر کو بھیجا گیا ہے۔ بھیجے گئے نوٹس میں سنجے سنگھ نے افسران سے 48 گھنٹے کے اندر معافی مانگنے کے لیے کہا ہے، ورنہ قانونی کارروائی کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔

سنجے سنگھ کا دعویٰ ہے کہ ای ڈی نے آبکاری معاملہ میں غلط طریقے سے ان کا نام چارج شیٹ میں ڈال دیا ہے، جبکہ کسی گواہ نے ان کا نام نہیں لیا۔ سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ ’’بغیر کسی گواہ کے ذریعہ میرا نام لیے کیس میں میرا نام ہونا اس بات کا اشارہ ہے کہ ای ڈی نے مجھے بدنام کرنے کے لیے ایک سازش کے تحت میرا نام اپنی کمپلینٹ میں ڈالا ہے۔ جبکہ میرے خلاف نہ تو کوئی گواہ ہے، نہ ہی ثبوت۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ عآپ لیڈر سنجے سنگھ نے جمعرات کو کہا تھا کہ دہلی آبکاری گھوٹالہ معاملے کے فرد جرم میں فرضی طریقے سے نام شامل کرنے کو لے کر ای ڈی افسران کے خلاف مجرمانہ ہتک عزتی کا مقدمہ داخل کریں گے۔ اپنے اس بیان پر ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے آج سنجے سنگھ نے ای ڈی افسران کو معافی مانگنے کا نوٹس بھجوا دیا ہے۔ 48 گھنٹے کے اندر اگر معافی نہیں مانگی جاتی تو عآپ لیڈر قانونی کارروائی کی طرف قدم بڑھائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔