گجرات میں تجاوزات مخالف مہم: متعدد درگاہوں اور مذہبی عمارتوں پر چلا انتظامیہ کا بلڈوزر، ’انتخابات کے پیش نظر پیغام دینے کی کوشش!‘

ویڈیو میں جب جے سی بی کے ذریعے درگاہ اور دیگر عمارتوں کو منہدم کرنے کے مناظر پیش کئے جاتے ہیں تو آواز آتی ہے ’’بی جے پی حکومت ملک دشمن تنظیموں اور انتہا پسندوں کے خلاف براہ راست کارروائی کرتی ہے۔‘‘

ویڈیو گریب / ٹوئٹر
ویڈیو گریب / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

گاندھی نگر: گجرات حکومت نے بدھ کے روز مسلسل پانچویں دن دیو بھومی دوارکا ضلع کے بیٹ دوارکا جزیرے پر انہدامی کارروائی انجام دی۔ اتنا ہی نہیں، حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا جس میں تجاوزات کرنے والوں کو مبینہ طور پر کٹر پنتھی (انتہا پسند) اور دیش ویرودھی (ملک کے غدار) قرار دیا گیا ہے۔ دریں اثنا، کانگریس پارٹی کی جانب سے بی جے پی کی اس کارروائی کو غیر جانبدارنہ اوار انتخابات کے پیش ایک خاص پیغام کو عام کرنے کے لئے کیا گیا اقدام قرار دیا گیا ہے۔

گجرات بی جے پی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ نے بدھ کے روز تعمیرات کو مسمار کرتے بلڈوزر، ذیلی عنوانات اور وائس اوور کے ساتھ ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے۔ ’دی انڈین ایکسپریس‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق اس ویڈیو میں گجراتی میں کہا جا رہا ہے "گجرات حکومت کا بلڈوزر تجاوزات کے خلاف چلایا گیا۔ دیوتا کرشنا کی سرزمین کو انتہا پسندوں سے نجات مل گئی ہے۔‘‘ ویڈیو میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ 1.8 لاکھ مربع فٹ زمین کو انتہا پسندوں سے آزاد کرا لیا گیا ہے۔


ویڈیو میں جب جے سی بی کے ذریعے درگاہ اور دوسری طرح کی عمارت کو منہدم کرنے کے مناظر پیش کئے جاتے ہیں تو آواز آتی ہے ’’بی جے پی حکومت ملک دشمن تنظیموں اور انتہا پسندوں کے خلاف براہ راست کارروائی کرتی ہے۔‘‘ ویڈیو میں وزیر اعظم نریندر مودی اور گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل کی تصاویر بھی موجود ہیں۔

اوکھا میونسپلٹی کے چیف آفیسر امیت پانڈیا نے منگل کے روز ’دی انڈین ایکسپریس‘ کو بتایا کہ انہدام کی مہم دیو بھومی دوارکا ضلع انتظامیہ کی قیادت میں ایک سروے کے بعد کی جا رہی ہے جس میں غیر مجاز ڈھانچوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ فریقوں کو مہم شروع ہونے سے ایک دن پہلے 30 ستمبر کو باضابطہ طور پر نوٹس بھیجے گئے تھے۔‘‘


ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بیٹ دوارکا جزیرہ قومی سلامتی کے نقطہ نظر سے اہم ہے اور اسی لیے ریاستی حکومت نے وہاں جاری ملک دشمن سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے بلڈوزر اور ایک ہزار سیکورٹی اہلکار روانہ کئے۔

دریں اثنا، کانگریس نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویڈیو ریاست میں بی جے پی حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے اور اس کا مقصد گجرات اسمبلی انتخابات سے قبل ایک خاص پیغام کو عام کرنا ہے۔ کانگریس کے ترجمان منیش دوشی نے کہا، "ویڈیو جاری کر کے بی جے پی نے اعتراف کیا ہے کہ تمام دعووں کے برعکس اس نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کیے ہیں۔ بی جے پی کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ ان مقامات پر کس کے دور میں تجاوزات ہوئے اور اس سے پیسہ کس نے کمایا؟‘‘


دوشی نے مزید کہا، ''صرف بیٹ دوارکا میں ہی انہدامی کارروائی کیوں انجام دی جا رہی ہے؟ بی جے پی اصول و ضوابط کے تحت کام کرتے ہوئے ریاست بھر میں موجود تمام تجاوزات کو ہٹانا نہیں چاہتی، بلکہ یہ الیکشن سے پہلے ایک پیغام دینا چاہتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */