کانپور انکاؤنٹر میں ایک نیا انکشاف! تین مزید پولس اہلکاروں پر ہوئی کارروائی

کانپور تصادم کے تقریباً 75 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی جرائم پیشہ وکاس دوبے کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں لگ سکا ہے۔ اس معاملے میں لاپروائی برتنے والے تین مزید پولس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانپور کے چوبے پور میں ہوئے تصادم کے تقریباً 75 گھنٹے گزر جانے کے باوجود جرائم پیشہ وکاس دوبے کا کوئی سراغ نہیں لگ سکا ہے۔ اس معاملے میں لاپروائی برتنے والے 3 مزید پولس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ 8 پولس اہلکاروں کے شہید ہونے کے بعد پولس کی کئی درجن ٹیمیں وکاس کی تلاش میں لگی ہوئی ہیں۔ کانپور کے سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ دنیش کمار نے بتایا کہ ڈیوٹی میں لاپروائی کرنے پر چوبے پور کے سب انسپکٹر کنور پال، سب انسپکٹر کرشن کمار (کے کے) شرما اور کانسٹیبل راجیو کو معطل کر دیا گیا ہے۔ جیسے جیسے معاملے میں جانکاری مل رہی ہے، لگاتار کارروائی کی جا رہی ہے اور سبھی تھانوں کی ٹیمیں الرٹ پر ہیں۔

ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کو اس بات کی جانکاری تھی کہ پولس کی ٹیمیں شکنجہ کسنے کے لیے آ رہی ہیں۔ وکاس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پولس پر حملے کا منصوبہ تیار کر لیا تھا۔ وکاس کو پولس کے ہر عمل کی جانکاری مل رہی تھی۔ اس تک یہ خبر کون پہنچا رہا تھا، اس کی جانچ چل رہی ہے۔ اس سے پہلے چوبے پور تھانہ انچارج ونے تیواری کو بھی معطل کیا جا چکا ہے۔


اُدھر پولس افسر روزانہ بیکرو گاؤں پہنچ رہے ہیں اور واقعہ میں شامل وکاس سمیت سبھی بدمعاشوں کی مجرمانہ تاریخ کھنگال رہے ہیں۔ ریاست کی سرحدوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ نیپال بارڈر پر بھی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ وکاس کی آخری لوکیشن پولس نے اوریہ میں ٹریس کی تھی۔ وہیں پولس نے بیکرو گاؤں میں وکاس کے مکان کو زمین دوز کر دیا ہے۔ اس کے گھر سے کثیر مقدار میں اسلحہ بارود برآمد ہوا ہے۔

آئی جی موہت اگروال کے مطابق ڈویژن سطح پر پولس کی کئی درجن ٹیموں کو لگایا گیا ہے جب کہ ہیڈکوارٹر سطح سے بھی کئی ٹیموں کو موسٹ وانٹیڈ وکاس دوبے کی تلاش میں لگایا گیا ہے۔ اس میں ایس ٹی ایف کی بھی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس سرچ آپریشن میں کئی سو پولس والے ریاست اور ریاست سے باہر ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کی تلاش کر رہے ہیں۔


پولس کو کل وکاس کے گھر سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی ملا ہے۔ اے ایس پی دنیش کمار کے مطابق 6 طمنچے اور 15 بم کے علاوہ 25 کارتوس بھی ملی ہے۔ جس طرح سے اس کے یہاں اسلحہ ملے ہیں، اس کے دیگر کنکشنز پر بھی پولس نظر رکھ رہی ہے۔ موسٹ وانٹیڈ ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کے ساتھ واردات میں شامل رہے ساتھی دیاشنکر اگنی ہوتری عرف کلو سے پولس پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ اس نے بھی کچھ ضروری راز پولس کو بتائے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Jul 2020, 3:11 PM