بی جے پی کا ایک اور جھوٹ بے نقاب، ’حکومت نے مان لیا کہ نہرو سے متعلق دستاویز غائب نہیں ہوئے، کیا معافی مانگی جائے گی؟‘
جے رام رمیش نے کہا کہ ’’وزیر اعظم میوزیم اور لائبریری (پی ایم ایم ایل) سے پنڈت جواہر لعل نہرو سے متعلق کوئی دستاویز غائب نہ ہونے کی سچائی سامنے آ گئی ہے تو کیا اب اس معاملہ میں معافی مانگی جائے گی۔‘‘

کانگریس نے لوک سبھا میں وزیر ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت کے تحریری جواب کا حوالہ دیتے ہوئے منگل (16 دسمبر کو) کہا کہ ’’وزیر اعظم میوزیم اور لائبریری (پی ایم ایم ایل) سے پنڈت جواہر لعل نہرو سے متعلق کوئی دستاویز غائب نہ ہونے کی سچائی سامنے آ گئی ہے تو کیا اب اس معاملہ میں معافی مانگی جائے گی۔‘‘
کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے لوک سبھا میں پیر (15 دسمبر) کو پوچھے گئے نکتہ وار سوالات اور جوابات کی کاپی شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’کل آخر کار لوک سبھا میں سچائی سامنے آ ہی گئی۔ کیا اب معافی مانگی جائے گی؟‘‘
دراصل رکن پارلیمنٹ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈر سمبت پاترا نے لوک سبھا میں ایک تحریری سوال میں پوچھا تھا کہ ’’کیا 2025 میں پی ایم ایم ایل کے سالانہ معائنہ کے دوران، ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو سے متعلق کچھ دستاویزات میوزیم سے غائب پائے گئے ہیں؟‘‘ اس کے جواب میں وزیر ثقافت شیخاوت نے کہا کہ ’’2025 میں پی ایم ایم ایل کے سالانہ معائنہ کے دوران، ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو سے متعلق کوئی دستاویز میوزیم سے غائب نہیں پائی گئی۔‘‘
واضح رہے کہ بی جے پی نے گزشتہ سال دعویٰ کیا تھا کہ پہلے وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے ذریعہ مختلف شخصیات کو لکھے گئے خطوط کو نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری (اب پی ایم ایم ایل) سے 2008 میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کی رہائش گاہ لے جائے گئے تھے۔ بی جے پی کا کہنا تھا ان دستاویزات کو واپس کیا جانا چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔