دہلی: لوگوں کو لاک ڈاؤن سے فی الحال نہیں ملے گی راحت، کچھ رعایتوں کا اعلان

اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کو مزید کچھ دنوں کے لیے ضرور بڑھایا جا رہا ہے لیکن کافی رعایتیں دی جائیں گی۔ انھوں نے بتایا کہ راجدھانی میں پرائیویٹ دفاتر50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولے جا سکتے ہیں۔

اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے لاک ڈاؤن کو مزید کچھ دنوں کے لیے بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اعلان سے ان لوگوں کو کافی مایوسی ہوگی جو لگاتار لاک ڈاؤن ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ کیجریوال نے اپنے بیان میں بتایا کہ دہلی میں پیر کے آگے بھی لاک ڈاؤن جاری رہے گا، لیکن کافی رعایت دی جا رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بازار، مال کو آڈ-ایوین (طاق-جفت) کی بنیاد پر صبح 1 بجے سے شام 8 بجے تک کھولا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے مزید رعایتوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ پرائیویٹ دفاتر 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ کھولے جا سکتے ہیں اور ضروری سامان کی دکانیں روزانہ کھلیں گی۔ علاوہ ازیں دہلی میٹرو 50 فیصد صلاحیت کے ساتھ شروع کی جا رہی ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ سرکاری دفاتر میں گروپ اے افسران 100 فیصد اور باقی اس کے نیچے والے 50 فیصد افسر کام کریں گے۔ ضروری خدمات میں 100 فیصد ملازمین کام کریں گے۔


اروند کیجریوال نے کہا کہ ’’ماہرین کے ساتھ بات کر کے یہ طے کیا گیا ہے کہ آئندہ لہر میں 37 ہزار کیسوں کا عروج مان کر تیاری شروع کی جائے۔ 420 ٹن آکسیجن کی اسٹوریج صلاحیت تیار کی جا رہی ہے۔ 25 آکسیجن ٹینکر خریدے جا رہے ہیں اور 64 آکسیجن پلانٹ لگ رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔