مجھے انیل دیشمکھ کی طرح فرضی معاملہ میں پھنسانے کی کوشش ہو رہی ہے: نواب ملک

نواب ملک نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ کچھ لوگ مجھے انیل دیشمکھ کی طرح فرضی کیس میں پھنسانا چاہتے ہیں۔ میں ممبئی پولیس کمشنر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے اس کی شکایت کر کے تحقیقات کا مطالبہ کروں گا۔

نواب ملک / ٹوئٹر
نواب ملک / ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے الزام لگایا ہے کہ کچھ لوگ انہیں فرضی مقدمے میں پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے رہنما نے کل تصویریں ٹوئٹ کی تھیں جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ دو آدمی ان کے ممبئی گھر کے قریب چکر لگا رہے ہیں اور ریکی کر رہے ہیں۔

نواب ملک، جو کہ مرکزی حکومت پر الزام لگاتے رہے ہیں کہ وہ ممبئی کے ڈرگ آن کروز کیس کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ذریعہ مہاراشٹر کو داغدار کرنے کے لیے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے، نے اب الزام لگایا ہے کہ کچھ لوگ انہیں "انیل دیشمکھ کی طرح پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔


انہوں نے خبر رساں ایجنسی اے این آئی کو بتایا، "ایسا لگتا ہے کہ کچھ لوگ مجھے انیل دیشمکھ کی طرح فرضی کیس میں پھنسانا چاہتے ہیں۔ میں ممبئی پولیس کمشنر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے اس کی شکایت کر کے تحقیقات کا مطالبہ کروں گا۔ میرے پاس ٹھوس ثبوت ہیں کہ کس طرح کچھ مرکزی عہدیدار مجھے پھنسانے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

نواب ملک نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا، ’’یہ لوگ گاڑی میں پچھلے کچھ دنوں سے میرے گھر اور اسکول کی ریکی کر رہے ہیں، اگر کوئی ان کو پہچانتا ہے تو مجھے بتائے۔ جو لوگ اس تصویر میں ہیں، میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ اگر آپ مجھ سے کوئی معلومات چاہتے ہیں تو آ کر مجھ سے ملیں، میں تمام معلومات دوں گا۔‘‘


خیال رہے کہ این سی پی لیڈر اور مہاراشٹر کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کو منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔