لاک ڈاؤن: عجب ماحول میں غضب کی شادی، خاتون پولس افسر نے کیا کمال!

دولہا اور دلہن کو شادی کی رسمیں پوری کرنے کے لیے کوئی پنڈت نہیں ملا۔ ایسے وقت میں لوگوں نے سب انسپکٹر انجلی کو ہی پنڈت بنا دیا۔ ایسا اس لیے کیونکہ انجلی برہمن خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا وبا کی وجہ سے ملک گیر لاک ڈاؤن جاری ہے۔ ایسے ماحول میں کئی شادیاں ملتوی ہو گئی ہیں۔ جو لوگ شادی کر رہے ہیں انھیں انتظامیہ سے اجازت لینی پڑ رہی ہے۔ لاک ڈاؤن میں مدھیہ پردیش کے نرسنگھ پور ضلع میں تو ایک دولہا-دلہن کے لیے جب پھیرے لگوانے کے لیے پنڈت نہیں ملا تو پولس سب انسپکٹر انجلی اگنی ہوتری نے ہی پنڈت کا کردار نبھاتے ہوئے شادی کی رسمیں پوری کرا ڈالی۔

یہ واقعہ گوٹے گاؤں تحصیل کے جھوتیشور قصبے کا ہے۔ یہاں سری نگر میں رہنے والے لکشمن چودھری کی شادی نرسنگھ پور کے اتوارا کی رہنے والی ریتو کے ساتھ طے ہوئی تھی۔ انتظامیہ نے دونوں فریقین کو شادی کرانے کی اجازت دے رکھی تھی، لیکن انھیں کوئی پنڈت نہیں مل رہا تھا۔ یہ شادی تقریب محدود لوگوں کی موجودگی میں اختتام پانی تھی اس لیے پنڈت کی ذمہ داری کون نبھائے گا، یہ سمجھ میں نہیں آ رہا تھا۔


شادی کی رسمیں پوری کرنے کے لیے جب کوئی پنڈت نہیں ملا، تب لوگوں نے سب اسنپکٹر انجلی سے ہی پنڈت کی ذمہ داری نبھانے کی گزارش کی۔ ایسا اس لیے کیونکہ انجلی برہمن فیملی سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ بھی پنڈت کی ذمہ داری نبھانے کے لیے تیار ہو گئیں اور شادی کی رسمیں بخوبی پوری ہو گئیں۔ اس شادی کی جو تصویر سامنے آئی ہے اس میں انجلی پولس کی وردی میں ہیں جبکہ وہاں موجود دیگر لوگ ماسک لگائے ہوئے ہیں۔

عجب ماحول میں ہوئی غضب کی اس شادی کے بارے میں انجلی اگنی ہوتری کا کہنا ہے کہ وہ گشت پر تھیں، اسی دوران مندر میں لوگوں کو جمع دیکھا۔ ان کو انتظامیہ سے ملی اجازت کی جانچ کی۔ بعد میں ان لوگوں نے پنڈت نہ ہونے کا مسئلہ ظاہر کیا اور شادی میں تعاون کی گزارش کی تو میں اس لیے تیار ہو گئی کیونکہ سینئر افسروں نے سبھی کا تعاون کرنے کا حکم پہلے سے ہی دیا ہوا ہے۔ کچھ منتر مجھے آتے تھے اسی کی بنیاد پر شادی کی رسمیں پوری کرائی۔ انجلی نے یہ بھی بتایا کہ وہ منتر جو نہیں آتے تھے، گوگل سے دیکھے اور ہون کنڈ نہ ہونے پر دیئے کا استعمال کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔