اکالی دل لیڈر بکرم سنگھ مجیٹھیا کی مشکلات میں اضافہ، درخواست ضمانت خارج، ایک اور قریبی گرفتار

آمدنی سے زائد اثاثہ معاملے میں نابھا جیل میں بند سابق ریاستی وزیر اور شرومنی اکالی دل کے لیڈر بکرم سنگھ مجیٹھیا کو راحت دینے سے پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے انکار کر دیا

بکرم سنگھ مجیٹھیا، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

چنڈی گڑھ: شرومنی اکالی دل کے لیڈر بکرم سنگھ مجیٹھیا کی مشکلات اس وقت بڑھ گئیں جب پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے ان کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ اکالی دل لیڈر مجیٹھیا اس وقت آمدنی سے زائد اثاثہ معاملے میں نابھا جیل میں بند ہیں اور ہائی کورٹ نے انہیں راحت دینے سے انکار کر دیا۔ بکرم سنگھ مجیٹھیا کو ویجیلنس بیورو نے 25 جون کو آمدنی سے گرفتار کیا تھا۔

اس معاملے میں مجیٹھیا کے برادرنسبتی گجپت سنگھ گریوال بھی ایک نامزد ملزم ہیں۔ گریوال کو بھگوڑا قرار دینے کی بیورو کی عرضی پر موہالی کی عدالت میں سماعت ہوگی۔ ویجیلنس بیورو اس معاملے میں چالان (چارج شیٹ) پیش کر چکا ہے۔ 15 نومبر کو موہالی کی ایک عدالت نے ویجیلنس بیورو کی درخواست کی بنیاد پر گجپت سنگھ کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا، جسے 29 نومبر تک تعمیل کیا جانا تھا مگر ابھی تک ایسا نہیں ہو سکا۔


اس کے بعد ویجیلنس بیورو نے گجپت سنگھ گریوال کو مفرور قرار دینے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ عدالت کی طرف سے ان کے وکیل سے جواب طلب کیا گیا ہے، اگر پیر تک جواب داخل نہیں کیا جاتا ہے تو اسے مفرور قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔

جانچ ایجنسی کا دعویٰ ہے کہ اس نے مجیٹھیا اور ان کے خاندان سے متعلق گزشتہ 10 سال کے مالیاتی ریکارڈ کی گہرائی سے جانچ کی ہے۔ اس دوران تقریباً 400 بینک کھاتوں کی تفتیش کی گئی ہے۔ کیس کو مضبوط بنانے کے لیے کم سے 200 گواہ تیار کئے گئے ہیں۔

مجیٹھیا کے ساتھ ساتھ ان کے قریبیوں پر بھی شکنجہ کستا جا رہا ہے۔ پنجاب ویجیلنس بیورو نے ان کے قریبی ہرپریت گلاٹی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ گلاٹی پر الزام ہے کہ اس کی الگ الگ شراب کمپنیوں کے ذریعہ کے پیسوں کا لین دیا کیا گیا تھا۔ ان کمپنیوں کے ذریعے گلاٹی اور مجیٹھیا نے شملہ اور دہلی سمیت کئی شہروں میں غیر قانونی اثاثے حاصل کئے تھے۔ اتوار کو اسے عدالت میں پیش کر کے 6 دن کی پولیس حراست لیا گیا ہے۔


دوران سماعت گلاٹی کے وکیل نے عدالت میں دلیل دی کہ پہلے ویجیلنس بیورو کی طرف سے اسے سرکاری گواہ بنایا گیا تھا۔ اب مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ عدالت میں ہرپریت گلاٹی کی نمائندگی کرنے والے وکیل نے دلیل دی کہ گلاٹی کو پہلے مجیٹھیا کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثہ معاملے میں سرکاری گواہ نامزد کیا گیا تھا لیکن جب اس نے عام آدمی پارٹی حکومت کی خواہش کے مطابق بیان نہیں دیئے تو جھوٹا مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔