جیش محمد نے کرائی اجیت ڈوول کے دفتر کی ریکی، ویڈیو برآمد ہونے پر سیکورٹی ایجنسیاں حرکت میں

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہدایت ملک نے یہ ویڈیوز پاکستان میں اپنے آقاؤں کو بھجوائی تھی۔ اطلاع ملتے ہی سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال / آئی اے این ایس
قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈووال کے حفاظتی انتظامات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ آج تک کی ایک رپورٹ کے مطابق ملی ٹینٹ تنظیم جیش محمد سے منسلک ہدایت اللہ ملک سے ڈووال کے دفتر کی ریکی کی ایک ویڈیو برآمد ہونے کے بعد یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ کشمیر کے شوپیاں کے رہائشی ہدایت اللہ ملک کو 6 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا۔

نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق، بتایا جا رہا ہے کہ یہ ریکی پچھلے سال کی گئی تھی۔ ہدایت اللہ ملک نے ڈووال کے دفتر اور سری نگر کے کئی علاقوں کی ویڈیو ریکارڈ کی تھی۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہدایت ملک نے یہ ویڈیوز پاکستان میں اپنے آقاؤں کو بھجوائی تھی۔ اطلاع ملتے ہی سیکورٹی ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔


اس سلسلے میں ایف آئی آر بھی درج کی گئی ہے۔ ہدایت ملک کے خلاف جموں کے گنگیال تھانے میں یو اے پی اے کی دفعہ 18 اور 20 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ہدایت ملک کو جیش سے منسلک گروپ لشکرِ مصطفیٰ کا سربراہ بتایا جا رہا ہے۔ اسے اننت ناگ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ہدایت ملک کے قبضہ سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔

خفیہ ایجنسیوں کے مطابق، پاکستان کی ملی ٹینٹ تنظیمیں جموں و کشمیر میں حملے کرنے کی سازش میں مصروف ہیں۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے وزارت داخلہ کو بتایا ہے کہ جموں و کشمیر میں جماعت اسلامی لشکر، جیش محمد اور حزب المجاہدین کو بھاری رقوم فراہم کرنے میں ملوث ہیں۔ پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے ذریعے ترکی اور دبئی کے راستہ رقوم فراہم کی جا رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔