آہ! دہلی کی قدیم روایتوں کے امین حاجی میاں فیاض الدین بھی رخصت ہو گئے

نوید حامد نے کہا کہ دہلی کی قدیم روایتوں کے امین اور پرانی دہلی کا درخشاں ستارہ حاجی میاں فیاض الدین دار فانی سے رخصت ہوگئے اور اپنے مالک حقیقی کی بارگاہ میں پہنچ گئے۔

حاجی میاں فیاض الدین
حاجی میاں فیاض الدین
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پرانی دہلی کی معروف سماجی ہستی، دہلی کی قدیم دہلی ایجوکیشن سوسائٹی کے جوائنٹ سکریٹری اور اینگلو عریبک اینڈ دہلی کالج اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر حاجی میاں فیاض الدین کا بدھ کے روز انتقال ہو گیا۔ صدر آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت، نوید حامد نے اس کی اطلاع دی۔ نوید حامد نے کہا کہ دہلی کی قدیم روایتوں کے امین اور پرانی دہلی کا درخشاں ستارہ حاجی میاں فیاض الدین دار فانی سے رخصت ہوگئے اور اپنے مالک حقیقی کی بارگاہ میں پہنچ گئے۔

مرحوم حاجی میاں کی ذات خود میں ایک انجمن تھی اور پرانی دہلی کی سیاسی اور سماجی حلقوں میں ایک سائبان کی حیثیت مانے جاتے تھے۔ دہلی کی قدیم دہلی ایجوکیشن سوسائٹی کے جوائنٹ سکریٹری، اینگلو عریبک اینڈ دہلی کالج اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر، قدیم قبرستان دہلی گیٹ کے جنرل سکریٹری، دہلی میں قدیم مسلم یتیم خانہ - بچوں کا گھر، حکیم اجمل خان گرلس اسکول دریا گنج اور تاریخی مدرسہ حسین بخش واقع نزد جامع مسجد دہلی کے آپ چیرمین تھے اور ان اداروں کی آپ نے ساری زندگی جو بے لوث خدمت کیں وہ زریں حروف میں لکھی جائیں گی۔


ان اداروں کے علاوہ بھی آپ دوسرے بہت سے اداروں سے وابستہ تھے اور خاموشی سے ملی و فلاحی کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتے تھے۔ صدر آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نوید حامد نے اپنے بیان میں کہا، ’’حاجی میاں فیاض الدین سے ہمارے خاندان کی تقریباً ساٹھ برسوں سے زیادہ گہری شناسائی اور تعلقات تھے اور تقریباً چالیس برسوں سے احقر ذاتی شفقتوں سے مستفید ہوتا رہا۔ آپ کی روایتی مہمان نوازی اور شائستگی کا ہر کوئی قائل تھا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’اللہ مرحوم کی بال بال مغفرت فرماۓ اور اپنی جوار رحمت میں بلند مقام عطا فرمائے اور ان کے تمام لواحقین اور ان کے پرستاروں کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اللہ جن اداروں سے آپ وابستہ تھے ان اداروں کی جو آپنے خدمت کی اس کو قبول فرماۓ اور ان اداروں کو ان کا بہتر نعم البدل عطا فرماۓ۔ آمین یا رب کریم‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔