یوگی حکومت کے خلاف کانگریس نے شروع کی ’کس نے بگاڑا اتر پردیش‘ مہم

اس مہم کے پیچھے مقصد اس مومنٹم کو پیدا کرنا ہے جو سال 2017 کے اسمبلی انتخابات سے قبل بنایا گیا تھا جس میں پارٹی نے’27 سال یو پی بے حال‘ مہم کا آغاز کر کے بڑے پیمانے پر کسانوں تک رسائی کی کوشش کی تھی۔

کانگریس، تصویر آئی اے این ایس
کانگریس، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنو: آئندہ سال یوپی اسمبلی انتخابات سے قبل اپنی کھوئی ہوئی زمین کو تلاشنے میں مشغول کانگریس نے پرینکا گاندھی کی قیادت میں ریاست کی حکمراں جماعت بی جے پی کے خلاف جارح پروگرام کی منصوبہ بندی کرتے ہوئے بی جے پی کے ’سوشاشن اور وکاس‘ کے مقابلے ’ کس نے بگاڑا اترپردیش‘ تھیم کے تحت مہم جوئی کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنی سوکھی ہوئی جڑوں کی آبیاری کے لئے پارٹی نے خاموشی توڑنے کی تیاری کرتے ہوئے جارح حکمت عملی تیار کی ہے۔ بی جے پی کے دعوے ’سوشاشن اور وکاس‘ کے مقابلے کانگریس نے بڑے پیمانے پر ’کس نے بگاڑا ترپردیش‘ تھیم کے تحت مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

کانگریس آفیشیلس نے بدھ کو یہاں بتایا کہ پارٹی نے 9 اگست تا 9 ستمبر تک پرینکا گاندھی کی قیادت میں بڑے پیمانے پر مہم بنانے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ 9 اگست ملک کی تاریخ میں ایک اہم دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ اسی دن مہاتما گاندھی کے ذریعہ 1942 میں انگریزوں کے خلاف کرانتی یا انڈیا چھوڑو مہم کا آغاز کیا گیا تھا۔


پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ اس ایک مہینے کی لمبی مہم کے دوران 70 ہزار پارٹی کارکنوں کو پانچ نکات پر ٹریننگ دی جائے گی جس میں یوگی حکومت کی ناکامی، بوتھ منیجمنٹ، سوشل میڈیا کا استعمال اور کانگریس نظریہ بمقابلہ بی جے پی/ آر ایس ایس جیسے نکات شامل ہیں۔ اس دوران کارکنوں کے درمیان ایک بک لیٹ تقسیم کی جائے گی جس میں حکومت کی ناکامیوں کو بیان کیا جائے گا۔

اس مدت کے دوران پارٹی نے منصوبہ بنایا ہے کہ 400 سے زیادہ اسمبلی حلقوں کو محیط 675 ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا جن میں 100سیٹوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی نے منصوبہ بنایا ہے کہ پارٹی اس دوران اپنی پوری توجہ واحد ایجنڈہ ’سالوں سے یوپی کی صورتحال‘ پر مرکوز کرے گی لیکن اس دوران یوگی حکومت پر خصوصی توجہ کے ساتھ اس میں سابقہ اکھلیش یادو اور مایاوتی کے میعاد کار کی کارکردگی کو بھی شامل کیا جائے گا۔


ذرائع نے بتایا کہ اس مہم کے پیچھے اسی مومنٹم کو پیدا کرنا ہے جو سال 2017 کی اسمبلی انتخابات سے قبل بنایا گیا تھا جس میں پارٹی ’27 سال یو پی بے حال‘ مہم کا آغاز کر کے بڑے پیمانے پر کسانوں تک رسائی کی کوشش کی تھی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے ذریعہ شروع کی جا رہی اس ہم میں بیرون ملک سے لوٹتے ہی 15اگست کے بعد پرینکا گاندھی خود اس مہم میں فعال کارگردگی نبھائیں گی۔ چھتیس گڑھ کے رائے پور میں تقریباً 100ماسٹر ٹرینرس کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔