ٹی-20 عالمی کپ: ہند-پاک میچ کا انتظار ختم، 24 اکتوبر کو ہوگا ’مقابلۂ عظیم‘

کرکٹ کے میدان پر ہند-پاک ٹیمیں جلد آمنے سامنے ہوں گی۔ ٹی-20 عالمی کپ میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلے کی تاریخ کا اعلان نہیں ہوا ہے لیکن امید کی جا رہی کہ میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

آئی سی سی ٹی-20 عالمی کپ کی تاریخوں کا اعلان کر چکا ہے اور ساتھ ہی کون سے گروپ میں کون سی ٹیمیں ہوں گی، اس کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے، لیکن ابھی تک مکمل شیڈول جاری نہیں کیا گیا ہے۔ اس درمیان ہندوستان اور پاکستان کے درمیان لیگ راؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ کے تعلق سے اہم جانکاری سامنے آئی ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ 24 اکتوبر کو یہ میچ لوگ دیکھ سکیں گے۔

آئی سی سی نے جب ٹی-20 عالمی کپ کے لیے دونوں گروپ کا اعلان کیا تھا، تو ہندوستان اور پاکستان دونوں کو گروپ-2 میں رکھا تھا۔ اس اعلان کے بعد ظاہر ہو گیا تھا کہ دونوں ٹیمیں لیگ راؤنڈ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی ہوئی نظر آئیں گی۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان خراب رشتوں کے مدنظر دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان طویل مدت سے کوئی دو فریقی سیریز نہیں کھیلی گئی ہے۔


واضح رہے کہ ٹی-20 عالمی کپ کی شروعات اس سال 17 اکتوبر سے یو اے ای (متحدہ عرب امارات) میں ہونے والی ہے۔ اس دوران ہندوستان بنام پاکستان میچ پر سبھی کی نظر ہوگی۔ دونوں ہی ممالک کے کرکٹ شیدائی طویل مدت سے اس میچ کو لے کر کافی پرجوش ہیں۔ اس معاملے سے جڑے ایک ذرائع نے اے این آئی سے اس کی تصدیق کر دی ہے کہ میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ ذرائع نے کہا کہ ’’ہاں، یہ میچ 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔‘‘

گزشتہ مہینے ہی آئی سی سی نے مینس ٹی-20 عالمی کپ 2021 کے لیے گروپ کا اعلان کیا تھا۔ ٹی-20 عالمی کپ 17 اکتوبر سے 14 نومبر کے درمیان یو اے ای اور عمان میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اور پاکستان کو سپر-12 کے گروپ-2 میں رکھا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔