سی بی آئی ریڈ کے بعد منیش سسودیا کا بیان ’دو چار دن میں مجھے گرفتار کر لیا جائے گا، یہ کیجریوال کو روکنے کی کوشش‘

شراب پالیسی میں مبینہ گھوٹالہ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے کہا کہ گجرات میں 10 ہزار کروڑ روپے کی ایکسائز ڈیوٹی کی چوری کی جا رہی ہےـ

منیش سسودیا / ویڈیو گریب
منیش سسودیا / ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: شراب سے متعلق ایکسائز پالیسی میں مبنیہ گھوٹالہ کے معاملہ میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی طرف سے جمعہ کے روز کی گئی چھاپہ ماری کے بعد دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے ہفتہ کے روز صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید حملہ بولا۔ اس دوردان منیش سسودیا نے دعویٰ کیا کہ انہیں دو چار دن میں گرفتار کر لیا جائے گا، ساتھ ہی عام آدمی پارٹی کے دیگر لیڈران کو بھی گرفتار کیا جائے گا، نیز یہ سب کیجریوال کو روکنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔

پریس کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے منیش سسودیا نے کہا ’’کل سی بی آئی کے افسران تشریف لائے تھے۔ انہوں نے گھر اور دفتر پر ریڈ کی۔ تمام افسران بہت اچھے تھے۔ ان کو تو اوپر سے حکم ملا ہے، جس پر انہیں عمل کرنا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے دو چار دنوں میں مجھے جیل بھیجا جا سکتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا ’’مجھے جیل بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔‘‘


نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں ذاتی طور پر سی بی آئی افسران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے حسنِ سلوک کیا اور تحقیقات کی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی اپنے گھر میں سی بی آئی نہیں چاہتا لیکن مجھے ان کا رویہ پسند آیا۔ متنازعہ شراب پالیسی پر سسودیا نے کہا کہ یہ پالیسی ملک کی بہترین ایکسائز پالیسی ہے۔

ایکسائز پالیسی میں مبینہ گھپلے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گجرات میں 10000 کروڑ روپے کی ایکسائز ڈیوٹی کی چوری ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شراب گھوٹالہ کرپشن کا مسئلہ ہے ہی نہیں۔ سسودیا نے کہا ’’بھارتیہ جنتا پارٹی عام آدمی پارٹی کی تعریف کو ہضم نہیں کر پا رہی ہے۔ میرے خلاف جو کارروائی کی جا رہی ہے وہ اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور ان کی حکومت کی پالیسیوں سے خوفزدہ ہیں۔‘‘


انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت اور بی جے پی دہلی کے صحت اور تعلیم کے ماڈل کو آگے بڑھنے سے روکنا چاہتی ہے۔ ڈپٹی سی ایم نے کہا کہ وہ سی ایم اروند کیجریوال کو آگے بڑھنے سے روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کا الیکشن کیجریوال بمقابلہ مودی ہوگا۔

اس کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ نے دہلی کے تعلیمی نظام پر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع خبر کا ذکر کیا۔ پریس کانفرنس میں ڈپٹی سی ایم نے ڈیڑھ سال پرانی خبر کا حوالہ دیا جس میں ہندوستان میں کورونا کے دوران مرنے والوں کی آخری رسومات کی تصویر چھپی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کل امریکہ کے سب سے بڑے اخبار میں دہلی کے تعلیمی ماڈل کی تعریف کی جا رہی ہے۔ یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔ ایک سال پہلے کووڈ کی وجہ سے موت کیسے ہوئی؟ اس وقت جب یہ اخبار چھپا تھا تو ہمیں شرم آتی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔