دہلی کے بعد نوئیڈا اور غازی آباد میں بھی رات کا کرفیو، تمام اسکول-کالج بند کرنے کا حکم

نوئیڈا اور غازی آباد کے ضلع مجسٹریٹوں کے حکم کے مطابق نائٹ کرفیو 17 اپریل تک رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نافذ رہے گا، دونوں اضلاع کے اسکول، کالج اور کوچنگ سنٹروں کو بھی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کورونا وائرس کے خطرناک شکل اختیار کر لینے کے پیش نظر دہلی، لکھنؤ اور وارانسی کے بعد اب نوئیڈا اور غازی آباد میں بھی رات کا کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔ نوئیڈا اور غازی آباد کے ضلع مجسٹریٹ نے جمعرات کو نائٹ کرفیو کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 17 اپریل تک رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک نائٹ کرفیو نافذ رہے گا۔ اس کے علاوہ نوئیڈا اور غازی آباد کے تمام اسکول، کالجوں اور کوچنگ سینٹروں کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوئیڈا اور غازی آباد کے ضلع مجسٹریٹوں کی جانب سے جاری کردہ حکم کے مطابق پورے اضلع میں 17 اپریل تک رات کا کرفیو نافذ رہے گا۔ اس دوران ضروری خدمات کی آمد و رفت جاری رہے گی، جبکہ طبی خدمات بھی بند نہیں ہوں گی، قومی اور ریاستی ہائی وے پر مومنٹ کو بند نہیں کیا جائے گا۔


اس کے ساتھ ہی تمام سرکاری اور نجی اسکول اور کالجوں کو 17 اپریل تک بند کر دیا گیا ہے۔ اسکول-کالجوں کے ساتھ تمام کوچنگ سینٹرز بھی بند رہیں گے۔ تاہم، میڈیکل، پیرا میڈیکل اور نرسنگ کالج کھلے رہیں گے اور ہر قسم کے امتحانات ملتوی نہیں کیے جائیں گے۔ یعنی امتحانات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔

نوئیڈا کے ڈی ایم نے پولیس اور مقامی عہدیداروں کو عوامی مقام پر مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔ سماجی دوری کی پیروی نہ کرنے والوں اور ماسک نہیں پہننے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ عوامی مقامات کے علاوہ عوامی دفاتر میں بھی کورونا قوانین کے حوالے سے ایک مہم چلائی جائے گی۔


نوئیڈا اور غازی آباد سے پہلے اتر پردیش کے وارانسی، کانپور، الہ آباد اور لکھنؤ میں نائٹ کرفیو کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ وارانسی میں رات کا کرفیو رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ رہے گا۔ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تمام ضلع مجسٹریٹوں کو اپنے ضلع میں کورونا مریضوں کی بڑھتی تعداد کی روشنی میں فیصلہ لینے کا اختیار فراہم کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔