یوپی میں عآپ کی ’پد یاترا‘ کا اعلان، سنجے سنگھ کی قیادت میں روزگار اور سماجی انصاف کے لیے شروع ہوگی مہم

سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ یہ یاترا کوئی سیاسی رسم نہیں بلکہ لوگوں کے حقوق کی لڑائی ہے۔ بی جے پی حکومت نے روزگار کے نام پر بڑے بڑے وعدے کیے لیکن آج اتر پردیش بے روزگاروں کی سب سے بڑی راجدھانی بن گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ / قومی آواز / وپن</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 دہلی کے اسمبلی انتخابات میں ہار کر حکومت گنوانے کے بعد پنجاب میں بھی قیاس آرائیوں کے درمیان ’وجود‘ کے چیلنج کا سامنا کرنے والی عام آدمی پارٹی (عآپ) اب اتر پردیش کی سیاست میں قسمت آزمانے کی تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی نے 12 سے 24 نومبر تک سریو سے سنگم تک 180 کلومیٹر ’پد یاترا‘ کا اعلان کیا ہے۔ یاترا کا عنوان ’روزگار دو، سماجی انصاف دو‘ رکھا گیا ہے۔ اس یاترا کی قیادت راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ کریں گے۔ بتا دیں کہ اترپردیش میں 2027 میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔

واضح رہے کہ بنیادی طور پر اترپردیش کے سلطانپورسے تعلق رکھنے والے سنجے سنگھ عام آدمی پارٹی کے ان چند رہنماؤں میں سے ایک ہیں جنہیں قومی سطح پر اپوزیشن کے ساتھ سڑکوں پر دیکھا گیا ہے۔ عآپ کی ’پدیاترا‘ کا مقصد بیروزگاری کا سامنا کر رہے نوجوان، فصل کی مناسب قیمت نہ ملنے سے پریشان کسان، اسمال اور چھوٹی صنعتوں سے وابستہ افراد، اساتذہ، آشا کارکنوں اور آنگن واڑی ورکروں جیسے طبقات کے مسائل کو اٹھانا ہے۔


اس موقع پر سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ یہ یاترا کوئی سیاسی رسم نہیں بلکہ لوگوں کے حقوق کی لڑائی ہے۔ بی جے پی حکومت نے روزگار کے نام پر بڑے بڑے وعدے کیے لیکن آج اتر پردیش بے روزگاروں کی سب سے بڑی راجدھانی بن گیا ہے۔ راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ سرکاری بھرتیاں رکی ہوئی ہیں، امتحانات تاخیر کا شکار ہیں اور پیپر لیک نے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل چھین لیا ہے۔ کسان اپنی پیداوار کی صحیح قیمت حاصل کرنے کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں، گنا کسانوں کی ادائیگیاں مہینوں سے التوا میں ہیں اور چھوٹی صنعتیں بند ہونے سے مزدوروں کا چولہا ٹھنڈا ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اشتہارات کے لئے ہزاروں کروڑ روپے ہیں لیکن روزگار اور کسانوں کے لئے جواب نہیں ہے۔

معلومات کے مطابق عآپ کی 180 کلو میٹرکی یہ یاترا ایودھیا کی سریو سے شروع ہوکر پریاگ راج کے سنگم تک جائے گی۔ راستے میں گاؤں، قصبے،شہر، محلے، ہرجگہ عوام کے ساتھ بات چیت کرنے کا پروگرام طے کیا گیا ہے۔ پارٹی نے طے کیا ہے کہ یاترا میں نوجوانوں، کسانوں، اساتذہ، سماجی کارکن اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہر طبقے کے لوگ شامل ہوں گے۔’پدیا ترا‘ کا تھیم سانگ ’میں دیش بچانے نکلا ہوں‘ ہوگا۔ معروف گلوکار التمش فریدی کی آواز اور بلال بھائی کے لکھے ہوئے گانے جذباتی شناخت دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔