عوام کے درمیان اپنی بنیاد کھو چکی بی جے پی ووٹ چوری کے ذریعہ انتخاب جیتنا چاہتی ہے: سنجے سنگھ
عآپ راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے کہا کہ ’’ووٹ گھوٹالہ کر کے، ووٹر لسٹ میں گھوٹالہ کر کے انتخاب جیتنے کا یہ کھیل اب اترپردیش میں ہونے جا رہا ہے۔‘‘

اترپردیش میں پنچایتی انتخاب کی تاریخوں کے اعلان سے قبل ہی سیاسی الزامات کا دور شروع ہو چکا ہے۔ اسی درمیان عام آدمی پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ انتخاب سے قبل ہی ایک بڑے گھوٹالے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ووٹ کا گھوٹالہ کر کے، ووٹر لسٹ میں فراڈ کر کے اور ووٹ چوری کر کے انتخاب جیتنے کا کھیل اترپردیش میں شروع ہونے والا ہے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ شیئر کی ہے۔ اس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’’پنچایتی انتخاب سے قبل یوپی میں ایس آئی آر کا بھوت سوار ہے، تقریباً 1 کروڑ ووٹ کٹنے کی چرچہ ہے۔ بی جے پی عوام کے درمیان اپنی بنیاد کھو چکی ہے اور اب ووٹ چوری کے ذریعہ انتخاب جیتنا چاہتی ہے۔ گلی گلی میں شور ہے کہ مودی ووٹ چور ہے۔‘‘
عآپ لیڈر سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ اترپردیش میں پنچایتی انتخاب سے قبل ایک بڑا گھوٹالہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے اور وہ گھوٹالہ ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ایس آئی آر کو لے کر پورا بہار مشتعل ہے، جس ووٹ چوری کے ذریعہ مہاراشٹر اور ہریانہ اسمبلی کا انتخاب بی جے پی نے جیتا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی میں تو بی جے پی نے ووٹ چوری کی تمام حدیں پار کر دیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی انتخاب سے قبل سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے حلقۂ اسمبلی میں 42 ہزار ووٹ کاٹ دیے گئے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہزاروں ووٹ دہلی کے 14 اسمبلی حلقوں میں بی جے پی کے کچھ کارکنان نے کٹوا دیے۔ سنجے سنگھ کے مطابق مرکزی وزراء کے گھروں میں فرضی ووٹ بنوائے گئے۔
عآپ سینئر لیڈر نے کہا کہ ووٹ گھوٹالہ کر کے، ووٹر لسٹ میں گھوٹالہ کر کے انتخاب جیتنے کا یہ کھیل اب اترپردیش میں شروع ہونے جا رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا پنچایتی انتخاب سے قبل پورے اترپردیش میں 1 کروڑ ووٹ کاٹے جائیں گے اس بات کی چرچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں بہت بڑا گھوٹالہ کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ اگر اترپردیش میں جمہوریت، انتخاب اور پنچایتوں کو بچانا چاہتے ہیں تو اس گھوٹالے کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔ مرکزی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف عدالت تک اپنی آواز بلند کریں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سڑک سے لے کر پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ تک لڑائی لڑنے کے لیے تیار ہو جائیں۔ سنجے سنگھ کے مطابق ایس آئی آر لوگوں کے ووٹ کے حقوق کو ختم کر دے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔