ہندوستانی ثقافت، تہذیب کی تاریخ میں جڑا ایک سنہرا باب: امت شاہ

امت شاہ نے کہا کہ شری رام مندر کی تعمیر لا تعداد رام بھکتوں کے صدیوں کی مسلسل قربانی، جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ آج کے دن میں ان سبھی کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے اتنے برسوں تک سناتن تہذیب کے لئے جدوجہد کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سابق صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایودھیا میں وزیراعظم نریندرمودی کے ذریعہ شری رام جنم بھومی مندر کے بھومی پوجن کو ملک کے لئے تاریخی اور قابل فخر لمحہ بتایا اور کہا کہ اس سے ہندوستانی ثقافت اور تہذیب کی تاریخ کا ایک سنہرا باب لکھا گیا ہے اور آج ایک نئے عہد کی شروعات ہوئی ہے۔

دہلی کے نزدیک ہریانہ کے گروگرام میں ایک نجی اسپتال میں کورونا انفیکشن کا علاج کرا رہے امت شاہ نے اپنے پیغام میں کہا،’’آج کا دن ہندوستان کے لئے ایک تاریخی اور قابل فخر دن ہے۔‘‘ پربھو شری رام جنم بھومی پر وزیراعظم مودی کے ذریعہ شاندار رام مندر کا بھومی پوجن اور سنگ بنیاد کیا گیا، جس نے عظیم ہندوستانی ثقافت اور تہذیب کی تاریخ کا ایک سنہرا باب لکھا ہے اور ایک نئے عہد کی شروعات کی ہے۔‘‘


وزیرداخلہ نے کہا، ’’ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر صدیوں سے دنیا بھر کے ہندوؤں کی عقیدت کی علامت رہی ہے۔ آج مودی اور شری رام جنم بھومی تیرتھ علاقے نے رام مندر کا بھومی پوجن کرکے کروڑوں لوگوں کی عقیدت کو احترام دینے کا کام کیا ہے، اس کے لئے میں ان کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ پربھو شری رام جی کے اصول اور نظریات ہندوستان کی روح میں بستے ہیں۔ ان کا کردار اور زندگی کا نظریہ ہندوستانی ثقافت کی بنیاد ہے۔ رام مندر کی تعمیر سے یہ پاک زمین ایودھیا پھر سے دنیا میں اپنی مطلق شان و شوکت کے ساتھ جاگ اٹھے گی۔ مذہب اور ترقی کے تال میل سے روزگار کے موقع بھی پیدا ہوں گے۔


انہوں نے کہا، ’’شری رام مندر کی تعمیر لا تعداد رام بھکتوں کے صدیوں کی مسلسل قربانی، جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ آج کے دن میں ان سبھی کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے اتنے برسوں تک سناتن تہذیب کی اس بیش بہا دھروہر کے لئے جدوجہد کی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔