عیدالاضحیٰ اور قربانی کے پیش نظر جمعیۃ علماء ہند کے وفد کی دہلی پولیس کمشنر سے ملاقات

جمعیۃ کے وفد نے کہا کہ عیدالاضحی مسلمانوں کی اہم عبادت ہے، اس لیے قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت اور منتقلی کے عمل کو محفوظ بنایاجائے اور قربانی کے عمل میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ کھڑی نہ کی جائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پرجمعیۃ کے ایک وفد نے آج دہلی پولیس کمشنر شری بالاجی سریواستو سے نئی دہلی واقع جدید پولیس ہیڈ کوارٹر پر ملاقات کی اور بالخصوص عیدالاضحیٰ اور قربانی کی پرامن ادائیگی کو یقینی بنائے جانے پر گفتگو کی۔جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علما ء ہند، مولانا نیاز احمد فاروقی اور مولانا عظیم اللہ صدیقی شامل تھے۔

وفد نے پولیس کمشنر سے کو متوجہ کیا کہ قربانی اور نماز عیدالاضحیٰ مسلمانوں کی اہم عبادت ہے۔ جہاں تک قربانی کا تعلق ہے تو وہ ہر صاحب حیثیت مسلمان پر لازم ہے اوروقت کے اندر اس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ قربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت اور منتقلی کے عمل کو محفوظ بنایاجائے اور قربانی کے عمل میں کسی طرح رکاوٹ کھڑی نہ کی جائے، نیز ایسے شرپسند عناصر پر قد غن لگایا جائے جوعوام میں ا فواہ پھیلاتے ہیں۔بالخصوص دہلی کے حساس علاقوں میں سیکوریٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں اور فرقہ عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جائے۔


مولانا نیاز احمد فاروقی نے دہلی پولیس کمشنر سے کہا کہ اتم نگر سمیت دہلی کے مختلف علاقوں میں پولیس افسران کے ذریعہ مسجد میں نماز نہ پڑھنے سے متعلق مائیک پر اعلان کرنے کی خبر موصول ہوئی ہے، اسی طرح بوانہ میں جانور اٹھا لے جانے کی شکایت آئی ہے، ا س کی وجہ سے لوگوں میں غلط فہمی اور کنفیوزن پھیل رہا ہے۔ حالاں کہ پولیس کی طرف سے اس طرح کے اقدام کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔پولیس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ پر امن طریقے سے اس تہوار کو مکمل کرائے۔

کووڈ-19کے احتیاط کو لے کر کمیونٹی سطح پر جمعیۃ علماء ہند اور دیگر جماعتوں کی کوششوں سے کافی بیداری ہوئی ہے۔ جمعیۃ علماء ہند تمام مسلمانوں سے برابر یہ اپیل کرتی رہی ہے کہ جن پر قربانی واجب ہو وہ قربانی ضرور کریں، البتہ ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے پرہیز کریں اور صفائی ستھرائی کا پورا خیال رکھیں، عوامی جگہ پر گوشت،ہڈی، الائش وغیرہ ڈالنے سے مکمل اجتناب کریں اور جانوروں کی خرید و فروخت اور منتقلی میں قانون کی پوری پابندی کریں۔ نیز ماسک اور سوشل ڈسٹنسنگ وغیرہ تمام شرائط کا پورا ہتمام کریں۔جمعیۃ علما ء ہند نے سوشل میڈیا اور مساجد کے ائمہ کے ذریعہ ان پیغامات کو عام کیا ہے اور ماضی کے تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ مسلمانو ں کی اکثریت اس پر عمل پیرا ہے۔


وفد کی باتیں سننے کے بعد دہلی پولیس کمشنر نے یقین دلایا کہ دہلی پولیس عیدالاضحیٰ کے پرامن انعقاد میں ہر ممکن ہر تعاون پیش کرے گی اور اصل بنیادی عبادت کی ادائیگی میں کوئی خلل واقع نہیں ہونے دے گی۔ انھوں نے جمعیۃ علماء ہند کی شاندار تاریخ اور وطن پرستی کی ستائش کی اور اس موقع پر حساس علاقوں کے جوائنٹ پولیس کمشنر س بھی میٹنگ میں شامل رہے اور وفد کے پیش کردہ معروضات سے آگہی حاصل کی۔کمشنر صاحب نے سبھی جوائنٹ پولیس کمشنرس کو ہدایت دی کہ وہ یقینی بنائیں کہ مسلمانوں کی اصل عبادت میں کوئی خلل یا رکاوٹ واقع نہ ہو گی اور حساس علاقوں میں خاص طور سے نگاہ رکھی جائے گی۔ اس موقع پرجو جوائنٹ پولیس کمشنر س موجود رہے ان کے نام ہیں شری نریندر سنگھ بنڈیلا (جوائنٹ سی پی سینٹرل رینج)،برج کشور سنگھ (جوائنٹ سی پی ویسٹرن رینج)،سریندر یادو (جوائنٹ کمشنر ناردن رینج)،داویش سریواستو (جوائنٹ کمشنر ساوتھ رینج)،ساگر پریت ہڈا (جوائنٹ کمشنر نارتھ ایسٹ رینج)۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔