ویشنو دیوی یاترا سے پہلے ہی 8 پجاری کورونا پازیٹو، 3 بھجن گلوکار بھی کورونا کی زد میں

ویشنو دیوی بھون کے 8 پجاری کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس سے قبل بھون میں 3 بھجن گلوکار اور ایک دیگر نوجوان میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

کورونا بحران کے دوران اب تک ہندوستان کے کئی مندروں میں پجاریوں کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ کئی مذہبی یاترائیں کورونا کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہیں تو کئی یاتراؤں کو سخت گائیڈ لائنس کے ساتھ شروع کرنے کی اجازت ملی ہے۔ جموں و کشمیر انتظامیہ نے حال ہی میں 'ماتا ویشنو دیوی یاترا' بھی دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ لیا ہے، لیکن اس سے پہلے ایک بری خبر سامنے آئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ویشنو دیوی بھون کے 8 پجاری کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں۔ اس سے قبل بھون میں 3 بھجن گلوکار اور ایک دیگر نوجوان میں کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔

ویشنو دیوی یاترا سے پہلے 8 پجاریوں کے کورونا پازیٹو ہونے سے ایک کشمکش کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کورونا پازیٹو ہونے والے 8 پجاریوں میں 2 کتھا پجاری ہیں جب کہ 6 پجاریوں کا تعلق دوسرے شعبہ سے ہے۔ ان سبھی کو آئسولیشن وارڈ میں ریفر کر دیا گیا ہے تاکہ کورونا کے پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔ سخت احتیاط کے باوجود ان پجاریوں میں کورونا ہونے کے بعد ایسے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ مزید کورونا انفیکشن کے معاملے سامنے آئے تو انتظامیہ اس مذہبی یاترا کو ایک بار پھر ملتوی کر سکتی ہے۔


واضح رہے کہ 16 اگست سے شروع ہونے والی ویشنو دیوی یاترا کے لیے روزانہ 5 ہزار عقیدتمندوں کو دَرشن کی اجازت دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جن میں 500 عقیدتمند ریاست کے باہر سے ہو سکتے ہیں۔ بھیڑ جمع نہ ہو، اس کے لیے ان عقیدتمندوں کا رجسٹریشن آن لائن ہوگا۔ ریاست کے باہر سے آنے والے عقیدتمندوں اور جموں و کشمیر میں ریڈ زون والے عقیدتمندوں کے لیے کورونا ٹیسٹ لازمی کیا گیا ہے اور رپورٹ نگیٹو آنے پر ہی یاترا کی اجازت دی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Aug 2020, 4:30 PM