اپوزیشن کے 8 اراکین پارلیمنٹ مکمل بجٹ اجلاس سے معطل

معطل اراکین پارلیمنٹ میں کانگریس کے امرندر سنگھ راجہ وڈنگ، گرجیت سنگھ اوجلا، ہبی ایڈن، منیکم ٹیگور، پرشانت یادوراؤ پڈولے، سی کرن کمار ریڈی، ڈین کوریاکوس اور سی پی آئی (ایم) کے ایس وینکٹیشن شامل ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>پارلیمنٹ (فائل), تصویر ’انسٹاگرام‘</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی کے خطاب کے دوران اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ کے ٹیبل پر چڑھنے اور اسپیکر کی کرسی کی جانب پیپر پھینکنے کے معاملے میں اسپیکر اوم برلا نے سخت کارروائی کی ہے۔ لوک سبھا اسپیکر نے اپوزیشن کے 8 اراکین کو پارلیمنٹ کے بقیہ بجٹ اجلاس سے معطل کر دیا۔ یہ تمام اراکین پارلیمنٹ اب بجٹ اجلاس میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ معطل کیے گئے اراکین کا تعلق کانگریس اور سی پی آئی (ایم) سے ہے۔

اپوزیشن کے جن اراکین پارلیمنٹ کو معطل کیا گیا ہے ان میں کانگریس کے امرندر سنگھ راجہ وڈنگ، گرجیت سنگھ اوجلا، ہبی ایڈن، منکم ٹیگور، پرشانت یادوراؤ پڈولے، سی کرن کمار ریڈی، ڈین کوریاکوس اور سی پی آئی (ایم) کے ایس وینکٹیشن شامل ہیں۔ انہیں ایوان میں کاغذ اچھالنے اور چیئر کی توہین کرنے کے معاملے میں موجودہ بجٹ اجلاس کے بقیہ سیشن سے معطل کر دیا گیا ہے۔


اس سے قبل ٹیبل پر چڑھے اراکین پارلیمنٹ سے متعلق کانگریس رکن پارلیمنٹ کے سی وینوگوپال نے حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا تھا کہ راہل گاندھی اپنی ڈیوٹی کر رہے ہیں، حکومت انہیں روک رہی ہے۔ اگر حکومت کو ہمت ہے تو اراکین پارلیمنٹ کو معطل کر کے دکھائے۔ کانگریس کے ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کے تمام اراکین پارلیمنٹ کو معطل کر کے دکھائے۔

واضح رہے کہ پیر کی طرح منگل کو بھی پارلیمنٹ کی کارروائی اچھی طرح سے نہیں چل سکی۔ دوپہر میں 2 بجے جب پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہوئی تو راہل گاندھی نے اپنا خطاب شروع کیا۔ ان کی جانب سے چین اور ہند-امریکی ڈیل کا معاملہ اٹھائے جانے کو لے کر ہنگامہ شروع ہو گیا۔ اسپیکر نے بار بار راہل گاندھی کو صدر جمہوریہ کے خطاب پر پیش کی گئی شکریہ کی تحریک پر بولنے کو کہا۔ لیکن حزب اختلاف کے قائد مسلسل چین کا معاملہ اٹھاتے رہے، جس کے بعد اسپیکر نے انہیں بولنے سے منع کر دیا۔ یہیں سے ہنگامے کی شروعات ہوئی۔ ہنگامہ کے دوران اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ ٹیبل پر چڑھنے لگے اور کچھ اراکین نے ہوا میں اسپیکر کی کرسی کی جانب پیپر پھینکنا شروع کر دیا۔ ہنگامے کو دیکھتے ہوئے ایوان کی کارروائی 3 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ کارروائی جب دوبارہ شروع ہوئی تو 8 اپوزیشن اراکین کو ہنگامہ کرنے کی وجہ سے معطل کر دیا گیا۔ اس کارروائی سے اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ مشتعل ہو گئے اور ناراضگی کا اظہار کیا۔ اس ہنگامہ کو دیکھتے ہوئے کارروائی کل صبح 11 بجے تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔


لوک سبھا میں نہ بول پانے کے بعد پارلیمنٹ کے باہر راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی پر دباؤ ڈالا جا چکا ہے، اس لیے انہوں نے امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے پارلیمنٹ احاطے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نے اس معاہدہ کے ذریعہ ملک کو فروخت کر دیا ہے اور وہ اس بات سے ڈرے ہوئے ہیں کہ کہیں ان کی شخصیت کا غبارہ نہ پھٹ جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔