چھتیس گڑھ میں 71 نکسلیوں کی خود سپردگی، مرکزی دھارے میں ہوں گے شامل
چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ میں 71 نکسلائٹس نے لون وراتو مہم کے تحت ہتھیار ڈال دیے۔ حکومت ہر فرد کو 50 ہزار روپے اور باز آبادکاری کے فوائد دے گی۔ 2023 سے اب تک 1770 نکسلائٹس مرکزی دھارے میں شامل ہوئے ہیں

رائے پور: چھتیس گڑھ میں نکسل ازم کے خلاف جاری جدوجہد میں بدھ کو ایک بڑی کامیابی ہاتھ لگی، جب دنتے واڑہ ضلع میں 71 نکسلیوں نے اجتماعی طور پر ہتھیار ڈال دیے۔ ماہرین کے مطابق یہ حالیہ برسوں میں اس مہم کی سب سے بڑی کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔
یہ خود سپردگی ریاستی حکومت کے معروف ’لون وراتو‘ (گھر کی طرف لوٹ آؤ) مہم کے تحت عمل میں آئی، جس کا مقصد نکسل نظریے سے متاثر نوجوانوں کو تشدد کی راہ چھوڑ کر سماج اور ترقی کی مرکزی دھارے میں لانا ہے۔
دنتے واڑہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ گورو رائے نے بتایا کہ خود سپردگی کرنے والوں میں 30 نکسلائٹس ایسے ہیں جن پر 50 ہزار روپے سے لے کر 8 لاکھ روپے تک کے انعامات مقرر تھے۔ ان تمام انعامات کی مجموعی مالیت 64 لاکھ روپے بنتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سبھی افراد نے سینئر افسران اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کے سامنے ہتھیار ڈالے، جس کے بعد علاقے کی سکیورٹی صورتحال میں ایک مثبت تبدیلی دیکھنے کو ملی ہے۔
پولیس کے مطابق حالیہ مہینوں میں سکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیوں کو تیز کیا، جس کے نتیجے میں متعدد نکسل کمانڈر مارے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے کسی قسم کا باضابطہ معاہدہ نہ ہونے کی وجہ سے کئی نکسلائٹس بددل ہو کر تحریک چھوڑنے پر مجبور ہوئے اور انہوں نے امن و ترقی کا راستہ اختیار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : چھتیس گڑھ: ایک کروڑ کے انعامی منوج سمیت 10 نکسلی ہلاک
رپورٹ کے مطابق، بی جے پی کی وشنو دیو سائے حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد بائیں بازو کی انتہا پسندی کے خاتمے کو اولین ترجیح قرار دیا ہے اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ہدایت کے بعد سے فورسز نے اپنے آپریشن میں مزید شدت پیدا کی، جس کے نتیجے میں اب تک 466 نکسلائٹس مارے جا چکے ہیں اور تقریباً 1700 نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔
وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائے نے اپنے ایک بیان میں اس کامیابی کو ریاست کی نئی ’خود سپردگی اور باز آبادکاری پالیسی 2025‘ اور ’نیئڈ نیلا نار‘ اسکیم کا ثمر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نکسل تشدد کے نعروں سے گمراہ ہونے والے نوجوان اب ترقی اور امن کی راہ اپنا رہے ہیں۔ بستر میں ’پونا مارگم‘ اور دنتے واڑہ میں ’لون وراتو‘ مہم کے اثر سے ہی 71 نکسلائٹس نے ہتھیار ڈالنے کا فیصلہ کیا۔
ریاستی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ہر خود سپردگی کرنے والے کو نئی زندگی شروع کرنے کے لیے 50 ہزار روپے بطور ترغیب فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ’ایل ڈبلیو ای‘ کے خاتمے کے تحت دیگر سہولتیں بھی دی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی واضح کیا کہ دسمبر 2023 سے اب تک 1,770 سے زیادہ نکسلائٹس مرکزی دھارے میں شامل ہو چکے ہیں، جو ریاستی حکومت کی فلاحی پالیسیوں پر عوام کے بڑھتے اعتماد کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت 31 مارچ 2026 تک چھتیس گڑھ کو نکسل تشدد سے پاک کرنے کے ہدف کے لیے پرعزم ہے اور سابق نکسلائٹس کو باوقار باز آبادکاری فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔