گجرات سے پنجاب لائی جا رہی تھی 38 کلو ہیروئن، پولیس نے کی ضبط، 2 گرفتار

ایک چیک پوسٹ پر پولیس نے ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا۔ ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن پولیس پارٹی اسے اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پنجاب پولیس نے گزشتہ روز گجرات سے آنے والے ٹرک کے ٹول باکس میں چھپائی گئی 38 کلو گرام ہیروئن اپنے قبضے میں لے لی۔ پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے کہا کہ ایس بی ایس نگر ضلع کے بالاچور کے رہنے والے دو ٹرک ڈرائیوروں کلوندر رام اور بٹو کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دو اسمگلروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن کی شناخت راجیش کمار اور سوم ناتھ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

لدھیانہ رینج کے انسپکٹر جنرل آف پولیس سریندر پال سنگھ پرمار نے کہا کہ پولیس نے ٹرک کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا۔ ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی، لیکن پولیس پارٹی اسے اور اس کے ساتھی کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئی اور ٹرک کے ٹول باکس میں چھپائی گئی ترپالوں میں لپٹی منشیات برآمد کر لی۔


سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بھگیرتھ مینا نے بتایا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران ٹرک ڈرائیور نے بتایا کہ اسے ٹیلی گرام ایپ کے ذریعے راجیش کمار کی کال موصول ہوئی تھی، جس نے اسے ہیروئن لے کر پنجاب لانے کے کہا تھا اور گجرات کے بھج میں ایک صحیح جگہ بتائی تھی۔ ملزم نے بتایا کہ جب وہ موقع پر پہنچا تو ایک نامعلوم شخص آیا اور اس کے ٹرک میں منشیات لاد دی۔

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کلوندر راجیش کمار کی ہدایت پر جنوری میں سری نگر سے 10 کلو اور 20 کلو ہیروئن کی دو کھیپیں لے کر آیا تھا اس کے علاوہ دہلی سے بھی 1 کلو ہیروئن لے کر آیا تھا۔ ایس ایس پی نے کہا کہ ملزم راجیش کمار اور سومناتھ کو جلد گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ ڈی جی پی یادو نے کہا کہ پولیس نے منشیات اور جرائم کی لعنت کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی کسی قسم کی سماج دشمن سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا اس کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔