’اتنے نقلی آنسو کیسے بہا لیتے ہیں وزیر اعظم جی؟‘ پی ایم مودی سے راہل گاندھی کا سوال

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’اپنی ایک ریلی میں چولہے پر کھانا بنانے والی ماؤں کے لیے وزیر اعظم جی کچھ زیادہ جذباتی ہو گئے تھے، لیکن صرف ایک سال میں ہی 3.59 کروڑ لوگ چولہا پھونکنے کو مجبور ہیں۔‘‘

راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر @INCIndia
راہل گاندھی / تصویر ٹوئٹر @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مہنگائی کے ایشو پر ایک میڈیا رپورٹ کے حوالے سے مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کستے ہوئے کہا ہے کہ’’اپنی ایک ریلی میں چولہے پر کھانا بنانے والی ماؤں کے لیے وزیر اعظم جی کچھ زیادہ جذباتی ہو گئے تھے، لیکن صرف ایک سال میں ہی 3.59 کروڑ لوگ چولہا پھونکنے کو مجبور ہیں۔ اتنے نقلی آنسو کیسے بہا لیتے ہیں وزیر اعظم جی؟‘‘

قابل ذکر ہے کہ رسوئی گیس کی بڑھتی قیمت کے درمیان آر ٹی آئی سے انکشاف ہوا کہ عوامی سیکٹر کی تین تیل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مجموعی طور پر 3.59 کروڑ گھریلو گیس کنکشن ہولڈرس نے گزشتہ مالی سال 22-2021 کے دوران ایک بھی سلنڈر نہیں بھرایا۔ وہیں 1.20 کروڑ صارفین نے پورے سال میں صرف ایک سلنڈر بھرایا۔ حالانکہ یہ سبھی گاہک غریب کنبوں کی خواتین کے لیے چلائی جا رہی پردھان منتری اجولا یوجنا (پی ایم یو وائی) سے جڑے ہوئے نہیں ہیں۔


اسی تعلق سے راہل گاندھی نے سوشل میڈیا کے ذریعہ کہا کہ ’’مئی 2016 میں پردھان منتری اجولا یوجنا کی شروعات ہوئی۔ پٹرول پمپ سے لے کر اخبار تک اس منصوبہ پر کروڑوں روپے خرچ کیے گئے۔ پھر 10 اگست 2021 کو اجولا 2.0 لانچ کر پھر سے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے اشتہار پر کروڑوں اڑائے گئے۔‘‘ راہل گاندھی نے آگے کہا کہ ’’پھر دھیرے دھیرے سلنڈر کی قیمتیں بڑھائی گئیں اور آج ایک سلنڈر بھرانے کی قیمت 1000 روپے ہو چکی ہے۔ میں نے کہا تھا کہ پردھان منتری جی نے دو ہندوستان بنا دیئے ہیں، ایک امیروں اور ایک غریبوں کا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔