زبردست ٹرین حادثہ میں 5 افراد ہلاک، 12 بوگیاں پٹری سے اتریں، درجنوں زخمی داخل اسپتال

پٹری سے 12 بوگیاں اتریں اور سواریوں سے بھرے 4 ڈبے پوری طرح سے پلٹ گئے، ان میں سے ایک ڈبہ پٹری کے نزدیک پانی میں بھی اتر گیا جس میں پھنسے مسافروں کو بڑی مشکل سے نکالا گیا۔

ٹرین حادثہ
ٹرین حادثہ
user

تنویر

مغربی بنگال کے جلپائی گوڑی علاقے کے میناگوڑی میں بیکانیر ایکسپریس 13 جنوری کی شام تقریباً پانچ بجے پٹری سے اتر گئی۔ اس حادثہ میں اب تک 5 افراد کی ہلاکت کی خبر سامنے آ گئی ہے اور 40 مسافروں کو بہ حفاظت نکال کر قریبی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔ یہ ٹرین راجستھان کے بیکانیر سے آسام کے گواہاٹی جا رہی تھی۔ اسی درمیان میناگوڑی پار کرتے وقت یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی ریلوے پولیس انتظامیہ سمیت ضلع کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور راحت رسانی کا کام شروع کر دیا۔ حادثہ کے شکار لوگوں کو ٹرین کی بوگیوں سے نکالنے کے بعد مقامی اسپتال بھیجنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پٹری سے 12 بوگیاں اتریں اور سواریوں سے بھرے 4 ڈبے پوری طرح سے پلٹ گئے۔ ان میں سے ایک ڈبہ پٹری کے نزدیک پانی میں بھی اتر گیا جس میں پھنسے مسافروں کو بڑی مشکل سے نکالا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ وہاں اور پاس کے کسی بھی اسٹیشن پر ٹرین کا کوئی ٹھہراؤ نہیں تھا اور ٹرین علاقے سے تیزی کے ساتھ گزر رہی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ بچاؤ ٹیم کو وہاں تک پہنچنے میں کچھ وقت لگا۔


وزیر ریل اشونی ویشنو نے ٹرین حادثہ میں ہلاک ہونے والوں کے کنبہ کے لیے 5 لاکھ روپے کے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔ زخمیوں کو ایک لاکھ روپے اور معمولی طور پر زخمی ہوئے افراد کو 25 روپے دیے جائیں گے۔ وزیر ریل بھی جمعہ کی صبح دہلی سے جائے حادثہ کے لیے روانہ ہوں گے۔

ٹرین حادثے کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی سے بات کی ہے۔ دراصل وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کووڈ-19 سے پیدا حالات کو لے کر منعقد میٹنگ میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جڑی ہوئی تھیں۔ علاوہ ازیں راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے بھی ممتا بنرجی سے اس ٹرین حادثہ پر بات چیت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔