وزیر اعظم نریندر مودی سے راہل گاندھی نے پوچھے 10 چبھتے ہوئے سوالات!

راہل گاندھی نے کہا کہ ’’سوالوں کی فہرست بہت طویل ہے، لیکن پہلے وزیر اعظم جی میرے ان 10 سوالوں کا جواب دے دیں، کانگریس پارٹی کو ڈرانے دھمکانے سے آپ کی جوابدہی ختم نہیں ہو جائے گی۔‘‘

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کانگریس پارلیمنٹ میں اور سڑکوں پر لگاتار مودی حکومت سے ان کی غریب مخالف پالیسیوں کے حوالے سے سوال پوچھ رہی ہے۔ سڑکوں پر اٹھائے جا رہے سوالات کا تو مرکزی حکومت جواب دے ہی نہیں رہی، پارلیمنٹ میں بھی سوال و جواب کا ماحول نہیں بن پا رہا ہے۔ کانگریس لیڈران مرکزی حکومت پر یہ الزام بھی عائد کر رہی ہے کہ وہ کسی بھی مسئلہ پر بات چیت سے حل نہیں نکالنا چاہتی۔ اب کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر وزیر اعظم نریندر مودی کے سامنے 10 چبھتے ہوئے سوالات پیش کیے ہیں۔

فیس بک پوسٹ میں راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’مانسون اجلاس میں ہم وزیر اعظم جی سے عوام کے ایشوز پر تبادلہ خیال کرنا چاہتے تھے۔ عوام کے کئی سوال تھے جن کے جواب وزیر اعظم اور ان کی حکومت کو دینے تھے۔ لیکن ان کی تاناشاہی دیکھیے، سوال پوچھنے پر وزیر اعظم اتنے ناراض ہو گئے کہ 57 اراکین پارلیمنٹ کو گرفتار کروا دیا اور 23 کو معطل۔ خیر، جو سوال پوچھنے نہیں دیئے جا رہے، وہ یہاں پوچھ رہا ہوں ’راجہ‘ سے:


  • 45 سالوں میں آج سب سے زیادہ بے روزگاری کیوں ہے؟ ہر سال 2 کروڑ روزگار دینے کے وعدے کا کیا ہوا؟

  • عوام کے روزمرہ کے کھانے پینے کی چیزیں، مثلاً دہی-اناج پر جی ایس ٹی لگا کر ان سے دو وقت کی روٹی کیوں چھین رہے ہیں؟

  • کھانے کا تیل، پٹرول-ڈیزل اور سلنڈر کی قیمت آسمان چھو رہی ہے، عوام کو راحت کب ملے گی؟

  • ڈالر کے مقابلے روپیہ کی قیمت 80 کے پار کیوں ہو گئی؟

  • آرمی میں 2 سالوں سے ایک بھی بھرتی نہیں کر کے حکومت اب ’اگنی پتھ‘ اسکیم لائی ہے، نوجوانوں کو 4 سال کے ٹھیکے پر ’اگنی ویر‘ بننے پر مجبور کیوں کیا جا رہا ہے؟

  • لداخ اور اروناچل پردیش میں چین کی فوج ہماری سرحد میں گھس چکی ہے، آپ خاموش کیوں ہیں اور آپ کیا کر رہے ہیں؟

  • فصل بیمہ سے انشورنس کمپنیوں کو 40 ہزار کروڑ کا فائدہ کروا دیا، لیکن 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے اپنے وعدے پر خاموش کیوں؟

  • کسان کو صحیح ایم ایس پی کے وعدے کا کیا ہوا؟ اور کسان تحریک میں شہید ہوئے کسانوں کے کنبوں کو معاوضہ ملنے کا کیا ہوا؟


  • سینئر شہریوں کے ریل ٹکٹ میں ملنے والی 50 فیصد چھوٹ کو بند کیوں کیا؟ جب اپنی تشہیر پر اتنا پیسہ خرچ کر سکتے ہیں تو بزرگوں کو چھوٹ دینے کے لیے پیسے کیوں نہیں ہیں؟

  • مرکزی حکومت پر 2014 میں 56 لاکھ کروڑ قرض تھا، وہ اب بڑھ کر 139 لاکھ کروڑ ہو گیا ہے، اور مارچ 2023 تک 156 لاکھ کروڑ ہو جائے گا، آپ ملک کو قرض میں کیوں ڈوبا رہے ہیں؟

سوالوں کی فہرست بہت طویل ہے، لیکن پہلے وزیر اعظم جی میرے ان 10 سوالوں کا جواب دے دیں۔ کانگریس پارٹی کو ڈرانے دھمکانے سے آپ کی جوابدہی ختم نہیں ہو جائے گی۔ ہم عوام کی آواز ہیں اور ان کے ایشوز اٹھاتے رہیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔