حیرت انگیز اختراعی صلاحیتوں کا مالک قلمکار اسلم حنیف

اسلم حنیف کا اصل نام عبدالمقیت ہے، اسلم حنیف اتر پردیش کے قصبہ گنور میں 3 جنوری 1956 میں ایک اسے گھرانے میں پیدا ہوئے جو کئی پشتوں سے دینی علوم اور طب و حکمت کا گہوارہ رہا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اسلم حنیف کی فائل تصویر</p></div>

اسلم حنیف کی فائل تصویر

user

جمال عباس فہمی

بیشتر شعرا روایتی طور موجود اصناف سخن میں طبع آزمائی کرتے ہیں۔ انکے یہاں جدت طرازی زبان و بیان کی حد تک ہی ہوتی ہے موجودہ اصناف سخن کی ہیئت میں ترمیم کرنا، اور نئی اصناف سخن ایجاد کرنا ہر ایک کے بس کا کام نہیں ہے۔ ہیئت کے اعتبار سے اصناف میں تبدیلی، نئی ہیئتوں کے ساتھ اصناف سخن کی ایجاد اور عروض کی منجملہ فنی خوبیوں کے ساتھ سخن کی اصناف ایجاد کرنے کا کام صرف اختراعی اور جدت طراز ذہن کا مالک ہی کرسکتا ہے۔ اس وقت بر صغیر ہندستان اور پاکسان میں صرف اسلم حنیف ہی ایسےفنکار ہیں جو متعدد اصناف کے موجد ہیں۔ انہوں نے مختلف اصناف کے اوزان بھی وضع کئے ہیں۔انہوں نے رباعی میں توشیح کا تجربہ کیا ہے۔ اسلم حنیف نے رباعی کے اوزان کو غزلوں میں برتنے کا بھی کامیاب تجربہ کیا ہے۔انکا ایک کارنامہ تو منفرد نوعیت کا یہ ہیکہ انہوں 754 اوزان میں غزلیں کہی ہیں۔۔اسلم حںیف نے ہیئتی تنقید اور تحقیق جیسے دقیق شعبے میں بھی کام کیا ہے۔اسلم حنیف کی اختراعی صلاحیتوں اور انکی ایجاد کردہ اصناف پر گفتگو کرنے سے پہلے انکے خاندانی پس منظر اور تعلیمی سفر پر ایک نظر ڈالنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔

اسلم حنیف کا اصل نام عبدالمقیت ہے۔ اسلم حنیف اتر پردیش کے قصبہ گنور میں 3 جنوری 1956 میں ایک اسے گھرانے میں پیدا ہوئے جو کئی پشتوں سے دینی علوم اور طب و حکمت کا گہوارہ رہا ہے۔ ان کے والد ڈاکٹر محمد عبدالقیوم بھی حاذق طبیب تھے۔عبدالمقیت کی ابتدائی تعلیم مقامی اسلامیہ اسکول میں ہوئی۔انہوں نے اردو میں ایم اے کیا اور اپنے خاندانی پیشے طبابت اور حکمت سے متعلق ڈگری حاصل کی۔اسلم حنیف کو اولاد کے سلسلے میں صدمات سے دو چار ہونا پڑا۔انکی بڑی دختر کا صرف ایک برس کی عمر میں انتقال ہو گیا۔بڑا فرزند چھ برس کی عمر میں مرگی کے مرض میں مبتلا ہوا اور طویل بیماری کے بعد 27 برس کی عمر میں 2013 میں انہیں جدائی کا داغ دے گیا۔ جوان بیٹے کی موت سے ایک حساس قلب کے مالک باپ کی کیا حالت ہوسکتی ہے اسکو بیان نہیں کیا جا سکتا۔ اس صدمے نے اسلم حںیف کی ادبی، تخلیقی اور تحقیقی سرگرمیوں کو بہت متاثر کیا۔ گنور ادب کی سرزمین رہی ہے۔اس ادبی ماحول کے رنگ میں اسلم حنیف بھی رنگ گئے اورپھر یہ ہوا کہ شعرو سخن ہی انکا اوڑھنا بچھونا ہو گیا۔اسلم حنیف نے ابتدا میں عروض داں اور استاد شاعر علامہ رمز آفاقی سے مشورہ سخن کیا۔۔تجربات کرنے کی جبلت انہیں اپنے والد سے ورثے میں ملی۔ انکے والد ادویات اور علاج معالجے میں تجربے کرتے تھے اور اسلم حنیف نے تجربات کرنے کی جرئت شعرو سخن کے میدان میں دکھائی۔ تجربے کرنے کی جرئت اور اختراعی طبیعت کے امتزاج کے نتیجے میں اسلم حنیف جیسا وجود تشکیل پاگیا۔


حالانکہ اسلم حنیف کی ادبی زندگی معرکوں اور چپقلشوں سے بھی عبارت رہی ہے۔انہوں نےقتیل شفائی، بیکل اتساہی اور ابر احسنی گنوری جیسے مستند شعرا کے کلام میں عروضی غلطیوں کی نشان دہی کرکے 'ادبی پنگے' لئے۔گوپی چند نارنگ کی تھیوری ما بعد جدیدیت کی دھجیاں اڑائیں۔ لا تحریک بھی چلائی لیکن اس مضمون میں شعرو سخن کے حوالے سے اسلم حنیف کی اختراعات اور جدت طرازی کے نمونوں کا ہی تفصیل سے جائزہ لیا جائےگا۔ اسلم حںیف نے کئی اصناف سخن کی اختراع کی ہے۔ ان میں'موشح نما غزل'،'مثلثی'،'شکل ساز غزل'،'ٹھوس نظم'،'تضمینی غزل' جسے آدھی غزل بھی کہا جاتا ہے،'شخصیاتی نثری نظم' اور 'آزاد معریٰ' اور 'نثری توشیح' قابل ذکر ہیں۔

غزل اردو کی مقبول ترین صنف ہے۔ فنی اور ہیئتی اصولوں کے اعتبار سے یہ سخت صنف ہے۔ کسی بھی طرح کی تحریف اسکے مخصوص ہیئتی اور فنی آہنگ کو مجروح کرسکتی ہے۔ آزاد غزل کی مخالفت اسی بنا پر کی جاتی ہیکہ غزل کی سب سے بڑی خوبی ہر مصرعے کا آہنگ یکساں ہونا ہے اور آزاد غزل اس صوتی آہنگ کو تباہ کردیتی ہے۔ اسکواسلم حںیف کی جدت طرازی نہیں بلکہ جرئت طرازی ہی کہا جائےگا کہ انہوں نے غزل کی اس بنیادی خوبی کو برباد کئے بغیر اس میں متعدد تجربے کئے۔ انہوں نے ایک غزل ہی سو سے زائد اوزان میں تخلیق کی۔

جو غم کی فضاؤں میں ہے دل اب

یہ کیسی سزاؤں میں ہے دل اب

انہوں نے ایسی غزل بھی کہی کہ جس میں مطلع کو چھوڑ کر ہر شعر کا پہلا مصرع مقفیٰ ہے۔

جو بنا رہا تو اپنے وجود کو سمندر

نہ ملا کوئی شناور تو بتا کہ کیا کرے گا

انہوں نے ایسی غزل بھی کہی جسکے ابتدائی چار اشعار بحر رجز کے آٹھ اوزان پر مشتمل ہیں۔

شور فضاؤں میں یہ حد سے سوا کیوں ہے

آج پریشاں ہر موج صبا کیوں ہے

اسلم حنیف ایسی غزل کے بھی خالق ہیں جو ایک حرفی آواز کے قافیہ پر مشتمل ہے۔

انا ہے میرے مقابل تو یہ بھی دیکھنا ہے

یہ سرد جنگ کہاں تک چلے گی دیکھنا ہے

انہوں نے ایسی غزلیں بھی کہی ہیں جو عطف و اضافت سے ماورا 'صنعت تلون' میں ہیں۔

ہم نے جسکو چاہا ہے اس سے رشتہ کیسا ہے

سوچو تو وہ اپنا ہے پرکھو تو بیگانہ ہے

انکا یہ کارنامہ بھی حیرت ناک ہیکہ انکی ایک غزل میں قرائت کی تبدیلی سے 'بحر رمل' کے دو اوزان پیدا ہو جاتے ہیں۔

خنجر شب جو اتر آئیں گے آنکھوں میں مری

منظر رفتہ ٹھہر جائیں گے آنکھوں میں مری

اسلم حنیف نے ایسی غزلیں بھی کہی ہیں جو 'شجرہ اخرب و اجرم' کے اشتراک سے ماورا ہیں اور 24 اوزان میں ہیں۔

اظہار سے محروم ہوں ہو کر فنکار

یارب یہ عطا کئے ہیں کیسے آزار


اسلم حنیف 'موشح نما غزل' کے موجد بھی ہیں۔موشح عربی شاعری کی صنف ہے۔ اس میں مختلف ہیئتیں موجود ہیں۔ فارسی شاعری میں اساتزہ نے اسے مستزاد کا نام دیا۔ ایک ہیئت میں شعر سے قبل چھوٹے چھوٹے مقفیٰ مصرعے چسپاں کئے جاتے ہیں۔ اسلم حنیف کی جدت طراز فطرت نے اس میں بھی تجربے کر ڈالے۔

انہوں نے ان تجربات سے پیدا شدہ صنف کو 'موشح نما غزل' کا نام دیا۔

دوستی۔۔۔۔ اک وسیلہ بنی آگہی کے لئے

پیار کی۔۔۔ ایسی شمعیں جلا زندگی کے لئے

فارسی مستزاد کی صنف میں انہوں نے یہ تجربہ کیا۔ مقفیٰ چھوٹے مصرعے کی جگہ پورا مصرع لکھ دیا اور اس طرح یہ صنف وجود میں آئی۔

انکے رنگین خیالو ہم کو۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نہ پریشان کرو۔ مرحلہ آسان کرو

غم دوراں سے نکالو ہمکو۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ایک احسان کرو۔ خود کو نگہبان کرو

۔۔۔۔

دونوں طرزوں کو یکجا کرکے بھی انہوں نے ایک صنف ایجاد کی۔

خلش ہے یا کہ محبت۔۔ اسے ہے ضد کہ گلوں کی قطار میں نہ رہوں خموش ہیں مرے لب

ہے کس لئے یہی چاہت نگاہ میں رہو ں لیکن شمار میں نہ رہوں یہ بات بھی ہے عجب

انہوں نے دو بیتی غزل بھی تخلیق کی جسکے درمیان قطعے کی طرح دو بیتی تخلیق کی گئی ہے۔

سینے کا ہر زخم مہک جاتا ہے

چھن جاتا ہے ہر ہر مرا احساس قرار

پیمانہ صبر کا چھلک جاتا ہے

آتی ہے یاد رفتہ جب بھی اے یار

اسلم حنیف کی اختراعی صلاحیت انکی ایک غزل میں اس طرح نمودار ہوتی ہیکہ اسکو پڑھتے وقت پڑھنے والے کے ہونٹ ہی آپس میں نہیں ملتے۔

یہ ہے چراغ دل کی حقیقت

خون کی حدت سے جلتا ہے

انہوں نے ایک غزل تو اس ترکیب سے کہی ہیکہ ہر مصرع کے خاتمے پر ہی پڑھنے والے کے ہونٹ باہم ملتے ہیں۔

جو اسکی گلی سے اٹھے ہیں تو اب

سوئے دشت جائیں کہ گھر جائیں ہم

اسلم حنیف نے دو رکنی غزل بھی کہی ہے

جہان غم

ہے تجھ میں ضم

وہ لہجہ ہے

کہ ہے ریشم

نہ بن شیطاں

بنی آدم

کہاں ہے گم

بتا اسلم

754 اوزان پر مبنی غزلوں کے انکے مجموعے 'ورق ورق نیا آہنگ' کی ایک خوبی یہ بھی ہیکہ انہوں نے جو وزن کسی ایک غزل میں اختیار کیا اسکو پھر کسی اور غزل میں دوہرایا نہیں۔ اس مجموعے میں بعض ایسی غزلیں بھی شامل ہیں جو نہایت تثقیل بحروں میں ہیں۔ جن پر اساتزہ فن بھی طبع آزمائی سے گریز کرتے ہیں۔

میں الم نصیب بھرتا رہا شب و روز گوشوارہ شب

نگہ ستم بنا گئی جب مرے گھر کو ایک ادارہ شب

۔۔۔

جب سے میری ہمسفر ویرانی ہوئی

لمحہ لمحہ معتبر ویرانی ہوئی

۔۔۔

ہے خلاؤں کی اگر تو ہی فنکار ہوا

مرے خوابوں کے بھی رکھ یہاں آثار ہوا۔

دوہا ہندی کی صنف سخن ہے۔ اسلم حنیف نے دوہا کی صنف میں غزلیں کہہ ڈالیں۔

بستی کے سب لوگ ہیں بے دل بے احساس

اپنا دکھڑا روئیں ہم جا کر کس کے پاس

۔۔۔۔

اسلم حںیف نے مروجہ 24 اوزان میں رباعی نظم کی۔انہوں نے تضمینی رباعیات بھی نظم کی ہیں۔

رکھتا ہے انہیں انکا تکبر سرشار

جنگل سے جدا ہوتا ہے انکا کردار

کر دیتے ہیں واپس جو صدا آتی ہے

لیتے نہیں احسان سماعت کہسار

۔۔۔۔۔

انہوں نے 12 نئے اوزان میں بھی رباعیات تخلیق کی ہیں۔

ہر حوصلہ ٹوٹا تلوار گر گئی

اک کیف سا ابھرا تلوار گر گئی

یہ کس کی طرف ہاتھ بڑھا ہے میرا

رعشہ ہوا پیدا تلوار گر گئی

۔۔۔


ہائیکو ایک جاپانی صنف سخن ہے۔ جو تین مصرعوں پر مشتمل ہوتی ہے۔لیکن اس میں قافیہ کی پابندی نہیں ہوتی۔ اسلم حنیف نے ہائیکو میں یہ تجربہ کیا کہ پہلے اور تیسرے مصرعے میں قافیہ استعمال کیا۔ اس طرح ہائکو کی ایک نئی جہت وجود میں لانے کا سہرا بھی انہی کے سرہے۔

اندھی گونگی شب

مجھ سے مل کر پچھتائی

لنگڑی لولی شب

۔۔

نظر کی جست

اگر نہیں بلند

اڑوگے پست

سین ریو (SENRYU) بھی جاپانی صنف سخن ہے ہائیکو اور سین ریو کی ہیئت یکساں ہے لیکن ہائیکو میں سنجیدہ مضامین باندھے جاتے ہیں جبکہ 'سین ریو' میں طنز و مزاح کا پہلو غالب رہتا ہے۔ اسلم حنیف نے 'سین ریو' میں بھی قوافی، اور تخلص کا التزام کیا۔ انہوں نے تضمینی 'سین ریو' بھی لکھے۔

مجھ سے اٹھلائی

گود میں لیکر بیوی

آٹھواں بچہ

ماہیا۔ پنجابی لوک گیت ہے۔ یہ اردو میں رائج ہے لیکن کم ہی شعرا اس پر طبع آزمائی کرتے ہیں۔ اسلم حنیف نے ماہییا میں بھی جدت طرازی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے 24 اوزان میں ماہئے تخلیق کئے۔ ماہیا میں بھی قوافی استعمال کئے۔ اس میں تخلص کا استعمال بھی انہوں نے ہی شروع کیا۔ اسلم حںیف نے ترجمانی اور تضمینی ماہئے بھی تخلیق کئے۔اسلم حنفیف نے قرآنی آیات کے مطالب کو بھی ماہئے میں پرویا ہے۔

آکاش پہ چڑھنا سیکھ/رفتہ رفتہ تو/معیار میں بڑھنا سیکھ

۔۔

جب پیار کا موسم تھا

اپنا وجود اسلم

احساس مجسم تھا۔

اسلم حنیف نے 'توشیح' میں بھی تجربے کئے۔ توشیح ایسی صنعت ہے جس میں ممدوح کی شان میں لکھے اشعار اسکے نام کے پہلے حرف سے لیکر آخری حرف تک سے شروع ہوتے ہیں۔ اسلم حنیف نے اس میں یہ تجربہ کیا کہ اپنے تخلص کو بھی اس طرح شامل کیا کہ ممدوح کے نام کے پہلے حرف سے شروع ہوئےمصرعے کا اختتام شاعر کے نام کے پہلے حرف پر ہوتا ہے۔'توشیح' پہلے پابند نظم ہوتی تھی لیکن اسلم حنیف نے معریٰ اور نثری 'توشیحات' بھی لکھیں۔انہوں نے حمدیہ اور نعتیہ توشیحات بھی لکھیں۔ ایک توشیح تو انہوں نے چار شخصیات کی مدح سرائی میں لکھ دی۔انہوں نے توشیحی رباعیات بھی لکھی ہیں۔

Altar Poems انگریزی شاعری کی ایسی صنف ہے جس میں مصرعوں کے ذریعے کوئی شکل تشکیل دی جاتی ہے۔ اردو ادب میں 'صنعت مشجرہ' کی مثالیں اسی ذیل میں ملتی ہیں۔ لیکن اردو میں اس فن شاعری سے متعلق باقاعدہ کوئی صنف نہیں تھی۔ لیکن اسلم حنیف نے 'شکل ساز نظم' کی صنعت ایجاد کی۔انہوں نے انسانی ڈھانچہ اور لیمپ کی شکل ابھارنے والی نظمیں لکھیں۔اس صنف میں ہیئت اور آہنگ کا امتزاج ملتا ہے۔ اسی صنعت کے ذیل میں 'ٹھوس نظم' یعنی Concrete Poems بھی آتی ہیں۔ دونوں میں فرق شکل سازی کا ہے۔ 'ٹھوس نظم' میں جیو میٹری کے ذاویوں کی شکل والی 'سہ گوشہ'، 'چہار گوشہ'،'پنج گوشہ' اور'شش گوشہ'نظموں کی شروعات اسلم حنیف نے کی۔ان گوشوں کی تخلیق میں بحر و ارکان کی کمی و بیشی کا خاص خیال رکھنا پڑتا ہے۔انکا نظم کردہ 'سہ گوشہ' ملاحظہ کیجئے۔اس میں پہلے مصرعے میں ایک مرتبہ، دوسرے میں دو مرتبہ اور تیسرے میں تین بار فاعلن لایا گیا ہے۔

با وفا

کون تھا جو مجھے

روشنی کی طرف لے گیا

۔۔

اسلم حںیف نے اردو میں موجود 'مثلثی' یعنی 'سہ مصرعی' صنف میں ہیئت کے اعتبار سے تبدیلیاں کی ہیں۔انہوں نے مطلع پر آزاد یا غیر مقفیٰ مصرع لگا کر نئی ہیئت ایجاد کی۔دوسری ہیئت اسکے بر عکس وضع کی۔ جس میں غیر مقفیٰ مصرع پر مطلع نظم کیا۔

سب ہوا کے راستے مسدود ہیں

خوشبوئیں بس جسم تک محدود ہیں

یہ کہاں تو آگیا ہے سیم تن

اسلم حنیف کو کچھ اعزازات بھی دئے گئے۔ کچھ ادبی جریدوں نے انکی ادبی خدمات کے حوالے سے خصوصی گوشے بھی ترتیب دئے

لیکن یہ سب انکی قد آور شخصیت، انکی جدت طرازی اور اختراعی صلاحیتوں کا کمہ حقہ اعتراف نہیں ہے۔تعجب ہیکہ کسی یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے کسی سربراہ کو اسلم حنیف کی شعری ایجادات پر کسی اسکالر سے ایم فل یا پی ایچ ڈی کرانے کا خیال نہیں آیا۔۔۔دعا ہیکہ اللہ انہیں اب کسی اور ذہنی اور جزباتی صدمے سے دوچار نہ کرے تاکہ وہ اپنی اختراعی طبیعت کے عین مطابق شعری تجربات کرتے رہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔