’آخر یہ سین پاس کیسے ہوا؟‘ فلم ’اوپن ہائمر‘ میں بھگوت گیتا والے منظر پر مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر حیران

کرسٹوفر نولان کی حالیہ ریلیز فلم ’اوپن ہائمر‘ میں ایک منظر ہے جس میں اداکارہ فلورنس پگ مباشرت والے مناظر کے دوران اوپن ہائمر کا کردار نبھانے والے اداکار سلین مرفی سے بھگوت گیتا پڑھنے کو کہتی ہیں۔

انوراگ ٹھاکر، تصویر یو این آئی
انوراگ ٹھاکر، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

ہالی ووڈ فلم ’اوپن ہائمر‘ ان دنوں سرخیوں میں ہے۔ اس فلم کے ایک منظر پر تنازعہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات انوراگ ٹھاکر نے بھی اس منظر پر حیرانی ظاہر کی ہے اور سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (سنسر بورڈ) سے سوال کیا ہے کہ آخر یہ سین پاس کیسے ہوا؟ ذرائع کے مطابق اس سوال کو اٹھانے کے ساتھ ساتھ انھوں نے متنازعہ منظر یعنی فلمی سین کو ڈیلیٹ کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کرسٹوفر نولان کی حالیہ ریلیز فلم ’اوپن ہائمر‘ میں ایک منظر ہے جس میں فلم کی اداکارہ فلورنس پگ مباشرت والے مناظر کے دوران اوپن ہائمر کا کردار نبھانے والے اداکار سلین مرفی سے بھگوت گیتا پڑھنے کو کہتی ہیں۔ اسی منظر کو لے کر فلم کی ریلیز کے بعد سے ہی سوال اٹھ رہے ہیں۔ اب اس معاملے میں مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے بھی سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ اس معاملے میں کچھ ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔


واضح رہے کہ کرسٹوفر نولان کی یہ فلم سائٹنسٹ رابرٹ جے اوپن ہائمر کی بایوپک ہے۔ اوپن ہائمر وہی شخص ہیں جنھوں نے امریکہ کے پہلے نیوکلیائی اسلحہ کو تیار کرنے میں اہم کردار نبھایا تھا۔ نیوکلیائی اسلحہ کو بنانے کے لیے امریکہ نے مین ہیٹن پروجیکٹ چلایا تھا، جس کے چیف اوپن ہائمر ہی تھے۔ کرسٹوفر نولان میمنٹو، ڈارک نائٹ رائزیز، ڈنکرک، انٹراسٹیلر اور انسپشن جیسی کامیاب فلموں کے لیے مشہور ہیں۔ ان کی فلم ’اوپن ہائمر‘ کے لیے بھی لوگ بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ فلم نے صرف ہندوستان میں ہی تین دنوں کے اندر 50 کروڑ روپے کا کاروبار بھی کر لیا، لیکن ہندوستان میں بھگوت گیتا والے منظر کی ٹائمنگ کو لے کر زبردست تنازعہ شروع ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔