آئی پی ایل 2020: راجستھان اور چنئی کے درمیان آج ہوگی آر پار کی جنگ

چنئی اور راجستھان کے مابین جو ٹیم آج میچ جیتے گی اس کی پلے آف کے لئے امیدیں برقرار رہیں گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کی توقعات تقریباً ختم ہوجائیں گی۔

تصویر آئی پی ایل
تصویر آئی پی ایل
user

یو این آئی

ابوظہبی: آئی پی ایل 13 میں مستقل طور پر مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مہندر سنگھ دھونی کی زیر قیادت چنئی سپر کنگز اور اسٹیون اسمتھ کی سربراہی میں راجستھان رائلز کے درمیان پیر کے روز کھیلے جانے والے میچ میں آر پار کی جنگ ہوگی۔ چنئی اور راجستھان کو اپنے پچھلے میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چنئی کو دہلی کیپٹلز نے پانچ وکٹ سے شکست دی تھی جبکہ راجستھان کو رائل چیلنجرز بنگلور نے سات وکٹوں سے ہرایا تھا۔ چنئی اور راجستھان کی نو نو میچوں میں سے تین تین جیت اور چھ چھ ہار کے ساتھ چھ چھ پوائنٹس ہیں اور دونوں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل میں بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں۔ وہ ٹیم جو چنئی اور راجستھان کے مابین میچ میں جیتتی ہے، اس کی پلے آف کے لئے امیدیں برقرار رہیں گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کی توقعات تقریباً ختم ہوجائیں گی۔

چنئی نے دہلی کے خلاف بیٹنگ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 180 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب رہی تھی۔ تاہم انھوں نے اچھی شروعات نہیں کی اور اوپنر سیم کیرن بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ٹیم کے تجربہ کار بلے باز شین واٹسن (36) اور فاف ڈو پلیسیس (58) نے ٹیم کی اننگز سنبھالی۔ مڈل آرڈر میں امباتی رائیڈو (45 ناٹ آؤٹ) اور رویندر جڈیجا (ناٹ آؤٹ 33) نے بھی ٹیم کے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔ چنئی نے اپنی بیٹنگ میں بہتری کی ہے لیکن دہلی کے خلاف ان کی ناقص بولنگ نے جیتے ہوئے میچ میں انہیں شکست دلائی۔


چنئی کی بولنگ دہلی کے خلاف مکمل ناکام تھی۔ دہلی کو آخری اوور میں 17 رنز درکار تھے اور دھونی نے جڈیجا کو بولنگ کے لئے بھیجا لیکن وہ اس کا دفاع نہیں کرسکے اور چنانچہ چنئی ہار گیا۔ چنئی کے بولر ڈوین براوو دہلی کے خلاف زخمی ہوگئے، جس نے چنئی کو جھٹکا دیا ہے۔

چنئی کو راجستھان کے خلاف اپنی بولنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ چنئی کے پاس ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں جو میچ کو پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ چنئی کے پاس ابھی بہتری کے لئے زیادہ وقت باقی نہیں ہے اور اسے جلد سے جلد اپنی کوتاہیاں تلاش کرنی ہوں گی اور ان کو دور کرنا ہوگا۔ راجستھان نے بنگلور کے خلاف عمدہ بلے بازی کی تھی لیکن ان کی ناقص بولنگ نے اس کو زیر کر لیا۔ بین اسٹوکس راجستھان کی جانب سے لگاتار اپنے تیسرے میچ میں ناکام ہوئے تھے اور انہیں جلد ہی اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنی ہوگی۔ ٹیم کے لئے یہ خوشی کی بات ہے کہ خراب فارم میں مبتلا رابن اتھپا نے اپنی کھوئی ہوئی تال دوبارہ حاصل کرلی اور اوپننگ میں بنگلور کے خلاف 41 رنز اسکور کیے۔


ٹیم کے کپتان اسمتھ نے بھی اپنی کارکردگی سے ٹیم کے حوصلے بلند کیے اور 57 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ ایک بار پھر چنئی کے خلاف اسمتھ ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچانے کی ذمہ داری ہو گی۔ سنجو سیمسن مستقل طور پر ناقص فارم میں ہیں اور انہیں اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں فاسٹ بالر جوفرا آرچر کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ چنئی کو روکیں جبکہ آخری میچ میں مہنگے ثابت ہونے والے جے دیو انادکت کو اپنی تال ڈھونڈنی ہوگی۔ اس سیزن میں چنئی اور راجستھان کے مابین ایک میچ ہوا ہے جس میں راجستھان نے چنئی کو 16 رنز سے شکست دی۔ چنئی اور راجستھان کی صورتحال یکساں ہے اور دونوں ٹیموں کے پاس اپنی امیدوں کو روشن رکھنے کا ایک اچھا موقع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔