دیوریا میں عصمت دری کی متاثرہ نے وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر خودسوزی کی کوشش کی،پولیس کا انکار

متاثرہ کا الزام ہے کہ چھ ستمبر کو پردھان کے یہاں کوئی نہیں تھا، گرام پردھان کے شوہر نے اس کی عصمت دری کی اور دھمکی دی تھی۔

فائل تصویر سوشل میڈیا بشکریہ نیشنل ہیرالڈ
فائل تصویر سوشل میڈیا بشکریہ نیشنل ہیرالڈ
user

یو این آئی

اترپردیش میں دیوریا کے رام پور کارخانہ علاقہ کی ایک عصمت دری کی متاثرہ نے ملزم کی گرفتار ی نہیں ہونے پر اتوار کو گورکھناتھ مندر میں واقع وزیراعلی کی رہائش گاہ کے نزدیک خودسوزی کی کوشش کی لیکن پولیس نےاس سے انکار کیا ہے ۔

پولیس ذرائع کے مطابق رام پور کارخانہ علاقہ کے ایک گاوں کی باشندہ خاتون نے الزام لگایا تھا کہ وہ ایک گرام پردھان کے شوہر کے گھر چوکہ برتن کا کام کرتی تھی۔ متاثرہ کا الزام ہے کہ چھ ستمبر کو پردھان کے یہاں کوئی نہیں تھا، گرام پردھان کے شوہر نے اس کی عصمت دری کی اور دھمکی دی تھی۔


پولیس ذرائع کے مطابق اس معاملہ میں 13ستمبر کو پولیس نے معاملہ درج کرکے جانچ علاقہ کے افسر نشٹھا اپادھیائے کو سونپی تھی لیکن متاثرہ کا الزام ہے کہ آج تک ملزم کی گرفتاری نہیں ہوسکی ہے۔ وہ اس کے لئے اعلی حکام سے فریاد کرچکی ہے لیکن ملزم کی گرفتاری آج تک نہیں ہوسکی ہے۔اس سلسلہ میں رام پور کارخانہ انچارج گھنشیام کا کہنا ہے کہ خاتون اپنا مسئلہ لیکر گورکھناتھ م ندر گئی تھی۔ خودسوزی کرنے کی بات بے بنیاد ہے۔ یہاں سے بھی ایک داروغہ گئے تھے۔

دوسری جانب اترپردیش کے گورکھپور میں واقع گورکھناتھ مندر میں وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے سامنے انصاف کی فریاد لیکر گئی عصمت دری کی متاثرہ کے الزام کی تصدیق نہیں ہونے پر دیوریا پولیس نے فائنل رپورٹ لگا دی ہے۔


دیوریا کے رام پور کارخانہ علاقہ کی باشندہ خاتون کا الزام ہے کہ گرام پردھان کے شوہر نے اس کی عصمت دری کی لیکن پولیس نے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ انصاف حاصل کرنے کی امید میں خاتون اتوار کو گورکھناتھ مندر کی چوکھٹ پر پہنچی جہاں وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ دو روزہ دورہ پر آئے ہوئے تھے۔

دیوریا کے ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ ششیہ پال نے بتایا کہ رامپور تھانہ علاقہ کے ایک گاوں میں عصمت دری کے معاملہ میں ملزم (پردھان کے شوہر) کی گرفتار ی نہ ہونے سے مایوس متاثرہ نے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی گورکھنا تھ مندر میں واقع رہائش گاہ پر فریاد کی۔ اس معاملہ میں متاثرہ کی تحریر پر ستمبر مہینہ میں گرام پردھان کے شوہر کے خلاف پولیس نے معاملہ درج کرکے جانچ کرائی ۔


انہوں نے بتایا کہ تفتیش کے درمیان جائے وقوع پر واقعہ کے وقت سی سی ٹی کیمرہ، سائنٹفک فیکٹ اور زبانی ثبوت کی جانچ کرنے کے بعد معاملہ کی تصدیق نہ ہونے پر تفتیشی افسر کی طرف سے حتمی رپورٹ لگاکر آگے کی کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون نے آج گورکھناتھ مندر جاکر وہاں کے حکام کو جو درخواست دی ہے اس کے حقائق کی جانچ کرائی جائے گی۔

دوسری طرف گورکھپور پولیس کا کہنا ہے کہ دیوریا ضلع کی ایک متاثرہ خاتون گورکھپور میں آج صبح درخواست کے ساتھ ضرور آئی تھی لیکن یہاں خودسوزی کی کوشش سے متعلق کوئی واقعہ نہیں ہوا بلکہ گورکھپور پولیس کی طرف سے دیوریا پولیس کو اطلاع دیکر خاتون کی طرف سے پیش کردہ درخواست لیکر قانونی کارروائی کے لئے دیوریا پولیس کو بھیجی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں دیوریا پولیس کی طرف سے ضابطہ کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔