آئی پی ایل 2020: مضبوط ممبئی کے خلاف واپسی کرنے اترے گی کے کے آر

کولکاتہ کو اپنے گزشتہ مقابلے میں بنگلور کے ہاتھوں 82 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کولکاتہ کو بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں بہتری لانی ہوگی تبھی وہ ممبئی جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف واپسی کرسکیں گے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

یو این آئی

ابوظہبی: کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی ٹیم جمعہ کو مضبوط ممبئی انڈینز کے خلاف آئی پی ایل میچ میں واپسی کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی، جبکہ ممبئی کا مقصد پلے آف کے لئے اپنی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہوگا۔ ممبئی سات میچوں میں پانچ جیت اور 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔ کولکتہ سات میچوں میں چار جیت اور آٹھ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ روہت شرما کی زیر قیادت ممبئی اس ٹورنامنٹ میں مستقل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اس نے اپنے آخری میچ میں دہلی کیپیٹلز کو ابوظہبی میں پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔

دوسری جانب کولکاتہ کو اپنے گزشتہ مقابلے میں شارجہ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے ہاتھوں 82 رنز کی زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کولکاتہ کو اپنی بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں بہتری لانے کی ضرورت ہے تبھی وہ ممبئی جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف واپسی کرسکیں گے۔


ان دونوں نے 23 ستمبر کو ابوظہبی میں اس آئی پی ایل میں آمنا سامنا کیا تھا جہاں ممبئی 49 رنز سے جیت گیا تھا۔ اس میچ میں ممبئی نے اپنے کپتان اور اوپنر روہت شرما کے 80 رنز کی عمدہ اننگز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ممبئی نے پانچ وکٹ پر 195 رنز بنانے کے بعد کولکتہ کو نو وکٹوں پر 146 رنز بنائے تھے۔ کولکتہ نے اس طرح ہار کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا۔ روہت ایک بار پھر اس گراؤنڈ پر کولکتہ کے خلاف ایک بڑی اننگز کھیلنا چاہیں گے۔

ابوظہبی میں اپنے پچھلے میچ میں ممبئی نے کوئنٹن ڈی کوک (53) اور سوریہ کمار یادو (53) کی شاندار نصف سنچریوں کے ساتھ دہلی کیپیٹلز کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ دہلی نے چار وکٹ پر 162 رنز کا مشکل اسکور بنایا جبکہ ممبئی نے 19.4 اوور میں پانچ وکٹ پر 166 رن بنائے۔ آخری میچ میں روہت صرف پانچ رنز بناسکے تھے لیکن اس بار ان کا ہدف ٹیم کے لئے ایک بڑی اننگز کھیلنا ہوگا۔


اس میچ میں فتح کے باوجود روہت نے کہا تھا کہ ان کی ٹیم کو ابھی بھی کئی شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ روہت نے کہا کہ ہم نے جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنی تال برقرار رکھیں۔ ہم نے سبھی چیزیں ٹھیک کرلی لیکن پھر بھی ہمیں کسی نہ کسی شعبے میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ہم بہتر بولنگ کر رہے ہیں اور بیٹنگ میں بھی اچھی اننگز بھی کھیل رہے ہیں لیکن ہمیں اسے آخر تک برقرار رکھنا ہوگا۔

دوسری طرف کولکتہ کو اپنے پچھلے میچ کی مایوس کن کارکردگی پر قابو پانا ہوگا۔ شارجہ کے چھوٹے گراؤنڈ پر بنگلور نے دو وکٹوں پر 194 رن کا مضبوط اسکور کیا تھا، جبکہ کولکتہ صرف نو وکٹوں پر 112 رن ہی بنا سکی۔ نوجوان اوپنر شبھمن گل کو چھوڑ کر دوسرے بلے باز آیا رام گیا رام کی طرز پر پویلین لوٹتے رہے۔ گِل نے 34 رنز بنائے، اس کے بعد آندرے رسل اور راہل ترپاٹھی نے 16۔16 رنز بنائے۔


آئی پی ایل میں ڈیبو کھلاڑی ٹام بینٹن آٹھ ، نتیش رانا نو، ایون مورگن آٹھ اور کپتان دنیش کارتک صرف ایک رن بنا سکے۔ کولکاتہ اس طرح کے بیٹنگ کے ساتھ ممبئی کی مضبوط بالنگ کے خلاف جیتنے کی امید نہیں کرسکتا ہے جس میں جسپریت بمراہ اور ٹرینٹ بولٹ جیسے بہترین فاسٹ بولر موجود ہیں۔ کولکتہ کے کپتان کارتک نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ٹیم کو بیٹنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ کارتک نے کہا کہ ہمیں بہت سی چیزوں میں اصلاح کرنی ہوگی اور اپنی غلطیوں سے سبق لینا ہوگا۔ بیٹنگ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں ہمیں بہتری کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔