امریکہ: پولس نے سیاہ فام شخص کا منھ کچھ اس طرح ڈھکا کہ دم گھٹنے سے ہو گئی موت

مہلوک ڈینیل پروڈ کے بھائی جو پروڈ نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "میں نے اپنے بھائی کی مدد کے لیے فون کیا تھا، میرے بھائی کا قتل کرنے کے لیے نہیں۔"

تصویر سوشل  میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

امریکہ میں سیاہ فام لوگوں کے ساتھ پولس کے غلط رویے پر مبنی کئی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔ تازہ معاملہ مغربی نیویارک سے سامنے آیا ہے جہاں ایک سیاہ فام شخص کی موت اس لیے ہو گئی کیونکہ پولس نے اس کا چہرہ پوری طرح ڈھک دیا تھا۔ اس تعلق سے ایک ویڈیو منظرعام پر آئی ہے جس میں دکھائی دے رہا ہے کہ کچھ پولس افسران نے سیاہ فام شخص کے چہرے کو ڈھک دیا اور پھر تقریباً 2 منٹ تک اس کا منھ فٹ پاتھ پر دبائے رکھا تھا۔ پولس کی اس حرکت کی وجہ سے اس شخص کی سانس رک گئی۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ ویڈیو سیاہ فام شخص کی فیملی سے کسی نے جاری کیا ہے۔ جس شخص کی موت ہوئی ہے اس کا نام ڈینیل پروڈ بتایا جا رہا ہے اور واقعہ گزشتہ 30 مارچ کا ہے۔ پولس کے 'باڈی کیمرہ' کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد بدھ کے روز اس معاملہ نے طول پکڑ لیا۔ پروڈ کے بھائی جو پروڈ نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "میں نے اپنے بھائی کی مدد کے لیے فون کیا تھا، میرے بھائی کا قتل کرنے کے لیے نہیں۔"


جو پروڈ کا کہنا ہے کہ "وہ بے بس تھا، بے لباس زمین پر پڑا تھا۔ ہاتھوں میں ہتھکڑیاں تھیں۔ کتنے اور بھائیوں کی موت کے بعد سماج کو یہ سمجھ میں آئے گا کہ اسے روکے جانے کی ضرورت ہے؟" ویڈیو میں پروڈ سڑک پر بے لباس دوڑتا ہوا نظر آ رہا تھا، اس کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی تھی۔ پروڈ کی ڈاکٹری جانچ کی رپورٹ میں بھی اس کے دم گھٹنے کی بات سامنے آئی تھی۔ اس سلسلے میں ریاست کے اٹارنی جنرل لٹیٹیا جیمس نے بدھ کے روز کہا کہ معاملہ کی جانچ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔