عامر خان کے ٹیچر کا انتقال، سُپر اسٹار نے جذباتی تحریر کے ذریعے پیش کیا خراج تحسین

عامر خان نے ٹوئٹ میں لکھا، ’’جیسے ہی مجھے آپ کے انتقال کی خبر موصول ہوئی، میں اندر تک لرز گیا، کیونکہ آپ میرے بیسٹ ٹیچر تھے۔ آپ کے ساتھ گزارے ہوئے چار سال میرے لئے بیش قیمتی ہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: عامر خان کے ٹیچر سُہاس لمئے کا جمعرات کے روز ممبئی میں انتقال ہو گیا۔ وہ طویل مدت سے دل کے عارضہ میں مبتلا تھے اور انہیں علاج کے لئے سیفی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ سہاس لمئے مشہور لسانی دانشور تھے اور انہوں نے عامر خان کو مراٹھی زبان کا درس دیا تھا۔

سہاس لمئے کے انتقال کی خبر موصول ہونے کے ساتھ ہی ترکی میں نئی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی شوٹنگ میں مصروف عامر خان نے جذباتی ٹوئٹ کیا۔ عامر خان نے ٹوئٹ میں لکھا، ’’جیسے ہی مجھے آپ کے انتقال کی خبر موصول ہوئی میں اندر تک لرز گیا، کیونکہ آپ میرے بیسٹ ٹیچر تھے۔ آپ کے ساتھ گزارے ہوئے چار سال میرے لئے بیش قیمتی ہیں۔‘‘


عامر خان مزید لکھتے ہیں، مجھے بالکل یقین نہیں آ رہا ہے کہ اب آپ ہمارے درمیان نہیں رہے۔ آپ کے ساتھ گزارا ہر لمحہ میرے لئے خاص ہے۔ آپ کے سوچنے کا انداز اور نئی چیزوں کے بارے میں جاننے میں دلچسپی، آپ کی شخصیت کو دوسروں سے بالکل علیحدہ کرتی تھی۔ آپ نے مجھے صرف مراٹھی زبان ہی نہیں سکھائی بلکہ دوسری چیزیں بھی سکھائیں ہیں جو اب بھی میرے کام آتی ہیں۔

واضح رہے کہ سہاس لمئے مراٹھی اور سنسکرت زبان کے عالم تھے اور آن لائن مراٹھی زبان کی کلاس بھی چلاتے تھے۔ عامر خان کے ٹوئٹ سے واضح ہو رہا ہے کہ انہوں نے سہاس لمئے سے مراٹھی زبان سیکھنے کے لئے 4 سال تک خصوصی کلاس لی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    /* */