ویڈیو پیغام : نوٹ بندی، ہندوستان کی غیر منظم معیشت پر حملہ، راہل گاندھی

راہل گاندھی نے ہندوستان کی معیشت پر مبنی اپنے ویڈیو پیغام میں اس بات پر زور دیا ہے کہ نوٹ بندی دراصل ملک کی غیر منظم معیشت پر حملہ ہے

ویڈیو گریب
ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعرات کے روز ایک ویڈیو پیغام جاری کر کے مودی حکومت پر نوٹ بندی کا فیصلہ کر کے ملک کی معیشت کو تباہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی کا ہندوستان کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں ملا اور مودی کے ’کیش لیس انڈیا‘ کا نقصان کسانوں، مزدوروں، چھوٹے دکانداروں اور کاروباریوں کو ہوا جو کیش کے بغیر نہیں رہ سکتے۔

راہل گاندھی نے ہندوستان کی معیشت پر مبنی اپنے ویڈیو پیغام میں اس بات پر زور دیا ہے کہ نوٹ بندی دراصل ملک کی غیر منظم معیشت پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’نوٹ بندی ہندوستان کے غریب، کسان، مزدور اور چھوٹے دوکانداروں پر حملہ تھا۔ سال 2016 میں 8 نومبر کو رات کے 8 بجے وزیر اعظم نے نوٹ بندی کا فیصلہ لیا۔ پانچ سو اور ایک ہزار روپے کا نوٹ ردی کردیا ۔ پورا ہندوستان بینک کے سامنے جا کر کھڑا ہو گیا۔‘‘


راہل گاندھی نے نوٹ بندی کے فیصلہ پر کئی سوال اٹھائے اور کہا ’’آپ نے اپنا پیسہ، اپنی آمدنی بینک کے اندر ڈالی تو پہلا سوال کالا دھن مٹا؟ نہیں۔ دوسرا سوال ہندوستان کی غریب عوام کو نوٹ بندی سے کیا فائدہ ہوا؟ جواب کچھ نہیں۔ تو فائدہ کس کو ملا! فائدہ ہندوستان کے سب سے بڑے ارب پتیوں کو ملا۔ کیسے؟ آپ کا جو پیسہ تھا، آپ کی جیب میں سے آپ کے گھروں میں سے نکال کر اس کا استعمال حکومت نے ان لوگوں کا قرضہ معاف کرنے کے لئے کیا۔ مگر وہ اس صرف ایک ہدف تھا، دوسرا ہدف بھی تھا جو چھپا ہوا تھا، زمین صاف کرنے کا۔‘‘

راہل گاندھی نے غیر منظم شعبہ میں نقدی کے استعمال کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ’’جو ہمارا غیر منظم شعبہ ہے وہ نقد پر چلتا ہے، چھوٹا دوکاندار ہو، مزدور ہو، کسان ہو وہ نقدی سے کام کرتا ہے۔ نوٹ بندی کا دوسرا ہدف جو زمین صاف کرنے کا ہدف تھا وہ تھا غیر منظم شعبہ میں سے نقد رقم کو نکالنا۔ وزیر اعظم نے خود کہا وہ کیش لیس یعنی نقد رقم سے پاک ہندوستان چاہتے ہیں۔ اگر کیش لیس ہندوستان ہوگا تو غیر منظم معیشت تو ختم ہو جائے گی۔


انہوں نے کہا، نقصان کس کو ہوا؟ کسانوں کو، مزدوروں کو چھوٹے دوکانداروں کو، اسمال اینڈ میڈئم بزنس یعنی چھوٹے کاروباریوں کو، جو نقد رقم کا استعمال کرتے ہیں، جو بغیر نقد رقم کے جی ہی نہیں سکتے۔ نوٹ بندی ہندوستان کے کسان، غریب، مزدور اور چھوٹے دوکاندار پر حملہ تھا۔ نوٹ بندی ہندوستان کی غیر منطم معیشت پر حملہ ہے۔ ہمیں اس حملہ کو پہچاننا پڑے گا اور پورے ملک کو اس کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Sep 2020, 10:59 AM