امریکہ میں ورک پرمٹ کی مدت میں کمی، نئے اصول سے ہزاروں ہندوستانی پیشہ ور متاثر
امریکہ نے ورک پرمٹ کی زیادہ سے زیادہ مدت 5 سال سے گھٹا کر 18 ماہ کر دی۔ نیا اصول شروعاتی سکیورٹی جانچ کے لیے نافذ ہوگا، جس سے ہزاروں ہندوستانی پیشہ ور اور گرین کارڈ کے امیدوار متاثر ہوں گے

واشنگٹن: امریکہ نے امیگریشن نظام میں ایک اہم تبدیلی کرتے ہوئے ایمپلائمنٹ آتھرائزیشن ڈاکیومنٹ (ای اے ڈی) کی زیادہ سے زیادہ مدت میں بڑی کٹوتی کا اعلان کیا ہے۔ یو ایس سٹیزن شپ اینڈ امیگریشن سروسز (یو ایس سی آئی ایس) کے مطابق اب کئی زمروں میں ای اے ڈی صرف 18 ماہ کے لیے جاری کیا جائے گا، جب کہ پہلے اس کی مدت 5 سال تک ہوتی تھی۔ اس فیصلے کا براہِ راست اثر ہزاروں ہندوستانی پیشہ ور افراد، ان کے اہلِ خانہ اور ان تمام تارکینِ وطن پر پڑے گا جو طویل المدت ملازمت اور قیام کے لیے ای اے ڈی پر انحصار کرتے ہیں۔
یو ایس سی آئی ایس نے کہا کہ یہ تبدیلی سکیورٹی جانچ کو مضبوط بنانے، بار بار اسکریننگ کے ذریعے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرنے اور جعل سازی کو روکنے کے لیے ضروری ہے۔ ادارے کے مطابق چھوٹی مدت کا ای اے ڈی جاری ہونے سے ایسے افراد کی شناخت آسان ہوگی جن کے ارادے نقصان دہ ہوں یا جو ملک کی سلامتی کے لیے ممکنہ خطرہ بن سکتے ہیں۔
ایجنسی کے ڈائریکٹر جوزف ایڈلو نے وضاحت کی کہ پبلک سیفٹی کے نقطۂ نظر سے ای اے ڈی کی مدت میں کمی ایک ناگزیر قدم ہے۔ انہوں نے حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن میں نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر حملہ کرنے والا شخص پچھلی انتظامیہ کے دور میں ملک میں داخل ہوا تھا۔ ان کے مطابق اس واقعے کے بعد غیر ملکی شہریوں کی مسلسل اور سخت جانچ مزید ضروری ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا ڈونالڈ ٹرمپ الہان عمر کو امریکہ سے ملک بدر کر دیں گے؟
نئے اصول کے تحت وہ تمام زمرے متاثر ہوں گے جن کا ہندوستانی شہری بڑی تعداد میں استعمال کرتے ہیں، خصوصاً وہ افراد جو روزگار پر مبنی گرین کارڈ کے لیے درخواست دے چکے ہیں یا جن کی ایچ۔1 بی ویزا درخواستیں زیرِ التوا ہیں۔ پہلے ان درخواست گزاروں کو 5 سال کے لیے ای اے ڈی مل جاتا تھا، جو انہیں ملازمت جاری رکھنے میں سہولت فراہم کرتا تھا مگر اب یہی مدت کم ہو کر صرف 18 ماہ رہ گئی ہے۔
پالیسی الرٹ کے مطابق یہ نیا ضابطہ 5 دسمبر 2025 سے نافذ ہوگا اور اس تاریخ کے بعد دائر یا زیرِ التوا تمام درخواستوں پر اثر انداز ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پہلے ہی سے گرین کارڈ کے طویل انتظار کا سامنا کرنے والے ہندوستانی تارکینِ وطن کے لیے یہ تبدیلی نئی تشویش کا باعث بن سکتی ہے، کیونکہ ہزاروں ہندوستانی ملازمت برقرار رکھنے کے لیے طویل مدتی ای اے ڈی اور ایڈوانس پے رول پر انحصار کرتے ہیں۔ ہندوستانی برادری امریکہ میں روزگار پر مبنی ویزا کے سب سے بڑے استفادہ کنندگان میں شامل ہے، اس لیے یہ نیا فیصلہ براہِ راست انہی کو زیادہ متاثر کرے گا۔